اسٹیج پر فحش ڈانس اور اشارے کرنے پر 2 اداکاراؤں پرپابندی لگا دی گئی
اگر دوبارہ ایسی حرکت ہوئی تو ڈرامے پر بھی پابندی عائد کر دی جائے گی، وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر
الحمرا میں نازیبا ڈانس پر وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر نے سخت ایکشن لیتے ہوئے ڈرامے کے پروڈیوسر اور ڈانسر پر پابندی کے احکامات جاری کردیئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈانسر شمع رانا پر ڈرامہ 'چاند کی چاندنی' کے دوران نازیبا ڈانس اور اداکارہ کہکشاں عرف پائل چوہدری پر ڈرامہ 'نوکر ووہٹی دا' میں بیہودہ اشارے کرنے کے بعد پابندی عائد کی گئی ہے۔
وزیر اطلاعات و ثقافت نے کہا کہ اگر دوبارہ ایسی حرکت ہوئی تو ڈرامے پر بھی پابندی عائد کر دی جائے گی، الحمرا جیسے ثقافتی مرکز میں نازیبا ڈانس ہونا شرمناک حرکت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ الحمرا کے سربراہ کے خلاف بھی سخت ترین کاروائی کی جائے گی اور الحمرا انتظامیہ یقینی بنائے کہ دوبارہ ایسی بیہودہ حرکات نہ ہوں۔
عامر میر کا کہنا تھا معاشرتی اور اخلاقی اقدار پامال کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، مالی مفادات کے لئے فن اور فنکاروں کے امیج کو تباہ کیا جا رہا ہے۔