کوئٹہ سے 8 من سے زائد چرس سندھ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام دو ملزمان گرفتار

اے این ایف نے کوئٹہ میں سونا چوک کے قریب مشکوک ٹرک کو روکا تو اُس میں سے منشیات کی بڑی مقدار برآمد ہوئی

اے این ایف کی کارروائیوں میں برآمد کی گئی منشیات ۔۔ فوٹو ایکسپریس

انسداد منشیات (اینٹی نارکوٹکس) فورس نے کوئٹہ سے ساڑھے آٹھ من چرس سندھ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق منشیات کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، 5 کارروائیوں کے دوران تقریباً 400 کلوگرام منشیات برآمد، 5 ملزمان کو گرفتارکرلیا گیا۔

اے این ایف نے کوئٹہ میں سونا خان چوک کے قریب مشکوک ٹرک کو روک کر تلاشی لی، جس کے دوران ٹرک سے 340 کلوگرام(ساڑھے آٹھ من)چرس برآمد ہوئی، برآمد چرس ٹرک کے فرش میں بنے خُفیہ خانوں میں چھپایا گیا تھا۔


دوران کارروائی پشاور اور نوشہرہ کے رہائشی 2 ملزمان کو گرفتارکرلیا گیا، ملزمان منشیات گلستان سے اندرون سندھ اسمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

ترجمان کے مطابق شاہوانی چوک کوئٹہ کے قریب ٹیوٹا سنگل کیبن سے 52 کلوگرام چرس برآمد کی گئی، کارروائی کے دوران اوستا محمد کا رہائشی ملزم گرفتار ہوا،ملزم منشیات کوئٹہ سے سکھر اسمگل کرنے کی کوشش کررہا تھا۔

ساہیانوالہ موٹروے انٹرچینج کے قریب سوزوکی سوفٹ کار سے 7 کلو 200 گرام چرس برآمد کرکے پشاور کے رہائشی 2ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

علاوہ ازیں اے این ایف نے راولپنڈی میں کوریئر آفس میں پارسل سے 15 گرام ویڈ برآمد کی، مذکورہ پارسل برطانیہ سے فیصل آباد کیلئے بک کیا گیا تھا،مانسہرہ میں کوریئر آفس میں پارسل سے آئس برآمد کی گئی۔ 550 گرام آئس غباروں میں چھپا کر بحرین اسمگل کی جا رہی تھی،گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
Load Next Story