نگراں وزیراعظم کی تقرری کے معاملے میں ہمارا کوئی کردار نہیں شاہ محمود قریشی
انوار الحق کاکڑ پڑھے لکھے آدمی ہیں اور امید ہے کہ وہ آئین میں درج اپنے کردار کو سمجھیں گے، وائس چیئرمین پی ٹی آئی
پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ نگراں وزیراعظم کی تقرری کے معاملے پر ہم سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سینٹر اسٹیج میں گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نگراں وزیراعظم کی تقرری میں ہمارا کوئی کردار نہیں تاہم انوار الحق کاکڑ پڑھے لکھے آدمی ہیں اور امید ہے کہ وہ آئین میں درج اپنے کردار کو سمجھیں گے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بروقت صاف و شفاف انتخابات کروانا نگراں وزیراعظم کی ذمہ داری ہے، یہ کردار نبھا کر وہ قومی خدمت کریں گے اور ہمیں امید ہے کہ نگراں وزیراعظم پی ٹی آئی کیخلاف جاری پکڑ دھکڑ کے سلسلے کو بند کروائیں گے۔
مزید پڑھیں: نگران وزیراعظم کی نامزدگی پر تحریک انصاف کا ردعمل سامنے آگیا
پی ٹی آئی وائس چیئرمین نے کہا کہ الیکشن کیلیے لیول پلیئنگ فیلڈ ہونی چاہیے اور ہمیں بھی اُسی طرح موقع ملنا چاہیے جیسے دوسری جماعتوں کو سیاسی سرگرمیوں کی اجازت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: انوار الحق کاکڑ نگراں وزیراعظم مقرر، صدر مملکت نے سمری منظور کرلی
انہوں نے کہا کہ مردم شماری ہوگئی تو قانونی تقاضہ پورا کرتے ہوئے حکومت حلقہ بندی بھی کروادیتی، یہ نئی مردم شماری کے تحت انتخابات نوے دن میں کراسکتے تھے، اگر پی ڈی ایم سنجیدہ ہوتی تو سب کچھ ہوسکتا تھا مگر حکومت نے آخری دنوں میں سی سی آئی کا اجلاس بلا کر مردم شماری کی منظوری دی۔