ون ڈے رینکنگ نمبر ون پوزیشن پاکستانی جھولی میں گرنے کو تیار

گرین شرٹس افغانستان کیخلاف سیریز میں کلین سوئپ سے بالادستی قائم کرنے کے قریب


Sports Desk August 13, 2023
کسی قسم کا اپ سیٹ بابر الیون کو دوسرے سے تیسرے نمبر پر پہنچا دے گا (فوٹو: ٹوئٹر)

ون ڈے رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن پاکستانی جھولی میں گرنے کو تیار ہے جب کہ گرین شرٹس افغانستان کے خلاف سیریز میں کلین سوئپ سے بالادستی قائم کر سکتے ہیں۔

پاکستان کو آنے والے 2 انتہائی اہم ایونٹس ایشیا کپ اور ورلڈ کپ سے قبل ون ڈے رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن حاصل کرنے کا نادر موقع میسر آگیا ،البتہ اس کیلیے ٹیم کو آنے والی سیریز میں افغانستان کو تمام میچز میں زیر کرنا ہوگا۔ اس وقت ایک روزہ رینکنگ کے ٹاپ پر موجود آسٹریلوی ٹیم کے پوائنٹس کی تعداد 118 ہے، اس کے بعد پاکستان 116 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن سنبھالے ہوئے ہے۔

دولت کے انبار اور اسی سے حاصل ہونے والی طاقت کے نشے میں چور بھارتی ٹیم 115 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔ پاکستان اور بھارتی ٹیم کا 2 ستمبر کو ایشیا کپ میں مقابلہ ہوگا۔

کینگروز نے اپنی حکمرانی قائم کر رکھی ہے لیکن صرف 2 پوائنٹس کی دوری پر موجود گرین شرٹس بھی اونچی اڑان کیلیے تیار ہیں، ان کی اگلی آزمائش سری لنکا میں 22 سے 26 اگست تک شیڈول 3 ون ڈے میچز کی سیریز ہے، اگر پاکستان ٹیم اس سیریز میں کلین سوئپ کرے تو پھر نمبر ون پوزیشن سنبھال لے گی،البتہ اگر گرین شرٹس کسی اپ سیٹ کا شکار ہوئے تو پھر بھارت کی جگہ تیسرے نمبر پر جانا پڑجائے گا، ٹیم کے 111 پوائنٹس باقی بچ جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی رینکنگ؛ پاکستان نے بھارت سے دوسری پوزیشن چھین لی

اگرچہ افغانستان کے خلاف سیریز میں پاکستان فیورٹ ہے لیکن افغان ٹیم بھی حالیہ کچھ عرصے میں وائٹ بال کرکٹ میں اچھا پرفارم کرچکی ہے، اگر وہ اس سیریز میں وائٹ واش کا کارنامہ دکھاتی ہے تو پاکستان کے پوائنٹس مزید کم ہوسکتے ہیں اورٹیم پانچویں نمبر پر بھی جاسکتی ہے، موجودہ آئی سی سی رینکنگ ٹیموں کے درمیان ون ڈے کرکٹ میں انتہائی مسابقت کی عکاس ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم اگر افغان سائیڈ کے خلاف کلین سوئپ کرنے میں کامیابی رہی تو نہ صرف اسے نمبر ون پوزیشن حاصل ہوجائے گی بلکہ رواں ماہ شروع ہونے والے ایشیا کپ اور اکتوبر،نومبر میں بھارت میں منعقد ہونے والے ورلڈ کپ کیلیے بھی حوصلے انتہائی بلند ہوجائیں گے۔

موجودہ رینکنگ میں نیوزی لینڈ چوتھے اور انگلینڈ پانچویں نمبر پر ہے۔ جنوبی افریقہ چھٹے، بنگلہ دیش ساتویں اور افغانستان چھٹے درجے پر ہیں، سری لنکا نویں اور ویسٹ انڈیز کی ٹیم دسویں نمبر پر موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ODI رینکنگ؛ پاکستان 48 گھنٹے بعد ہی پہلی سے تیسری پوزیشن پر آگیا

دوسری جانب افغان کرکٹ ٹیم نے ہمبنٹوٹا میں گرین شرٹس سے سیریز کی بھرپور تیاریاں شروع کر دیں، کھلاڑیوں نے گذشتہ روز بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں صلاحیتوں کو نکھارا،فزیکل ٹریننگ بھی کی، افغان کرکٹرز شارجہ میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کی طرح پاکستان کو ون ڈے سیریز میں بھی زیر کرنے کا خواب دیکھ رہے ہیں، البتہ اس وقت کپتان بابر اعظم،محمد رضوان،شاہین شاہ آفریدی سمیت کئی سینئرز کو آرام دیا گیا تھا، اب مضبوط ترین پاکستانی ٹیم ون ڈے سیریز کھیلے گی جسے شکست دینا آسان نہ ہوگا۔

دریں اثنا افغان کرکٹ بورڈ نے سابق بھارتی کرکٹر ملاپ پردیپ کمار میواڈا کو قومی ٹیم کا نیا بیٹنگ کوچ مقرر کردیا، وہ سری لنکا میں پاکستان سے 3 ون ڈے میچز کی سیریز میں ذمہ داریاں سنبھالیں گے، انھوں نے کولمبو میں اسکواڈ کو جوائن کرلیا، اس سے قبل ملاپ نے جولائی میں دورہ بنگلہ دیش اور ابوظبی کے ٹریننگ کیمپ میں کھلاڑیوں کے ہمراہ کام کیا تھا۔

اب بورڈ نے سوچ بچار کے بعد انھیں کل وقتی معاہدے سے نواز دیا ہے، میواڈا نے 1996سے 2005 تک بروڈا اور ویسٹ زون ٹیموں کے لیے کرکٹ کھیلی ، بطور ہیڈ کوچ وہ حیدرآباد دکن، چھتیس گڑھ اور مقبوضہ کشمیر کی کرکٹ ٹیموں سے بھی منسلک رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |