کراچی پھل فروش گھر کی دہلیز پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق
مقتول 4 بچوں کا باپ تھا جبکہ وہ 4 بھائیوں میں سب سے بڑا تھا
سعید آباد میں ڈاکوؤں نے پھل فروش کو لوٹنے کی کوشش کے دوران گھر کی دہلیز پر فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا، مقتول 4 بچوں کا باپ تھا۔
تفصیلات کے مطابق سعید آباد کے علاقے بلدیہ ٹاؤن نمبر 8 فٹبال گراؤںڈ کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، مقتول کی لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کی گئی۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 35 سالہ ناصر محمود ولد محمد ریاض کے نام سے کی گئی۔
ایس ایچ او سعید آباد نواز گوندل کے کہنا ہے کہ مقتول ناصر محمود کو اس کے گھر کے قریب گھات لگائے کھڑے موٹرسائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کر کے ہلاک کیا اور فرار ہوگئے، مقتول کی کمر میں ایک گولی لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔
مقتول کے کزن نعیم نے بتایا کہ مقتول 4 بچوں کا باپ تھا جبکہ وہ 4 بھائیوں میں سب سے بڑا تھا، آبائی تعلق اٹک سے تھا، مقتول پھل فروش تھا جبکہ بلدیہ ٹاؤن 9 نمبر نیول کی دیوار کے قریب لگائے جانے والے پھل کے تقریباً ٹھیلے ناصر نے لگوائے تھے، گاؤں سے غریب لوگوں کو روزگار کے لیے کراچی لاتے تھا اور اپنے پیسوں سے انہیں ٹھیلے لگوا کر دیتا تھا، پھل بھی وہ اپنے پیسوں سے خرید کر دیتا تھا، پھل فروخت کرنے کے بعد اپنا کمیشن رکھ کر باقی رقم انہیں دے دیتا تھا۔
نعیم نے بتایا کہ واقعے کے وقت ناصر محمود پھل فروشوں سے رقم وصول کر کے اپنی سوزوکی پِک اَپ میں کام سے گھر آرہا تھا، سوزوکی پِک اَپ ناصر خود چلا رہا تھا جبکہ میں اس کے برابر والی سیٹ میں، عقب میں ساجد اور ایک نیا لڑکا جو چند روز قبل اٹک سے آیا تھا وہ بیٹھا تھا۔
کزن نے بتایا کہ جب وہ گھر کے قریب پہنچے تو دو موٹر سائیکلوں پر 4 افراد جو پہلے سے وہاں کھڑے تھے انہوں نے سوزوکی پِک اَپ کو روکنے کی کوشش کی اور نہ رکنے پر انہوں نے ایک فائر کیا تاہم گولی کسی کو نہیں لگی، گھر کے گیٹ کے سامنے پہنچ کر ناصر سوزوکی سے اتر کر گھر کی طرف بھاگا جیسے ہی گیٹ کے سامنے پہنچا ملزمان نے ایک اور فائر کیا۔ گولی ناصر کی کمر میں لگی تاہم اس نے زخمی حالت میں اندر جا کر گیٹ بند کر لیا اور وہیں پر اس کی موت واقعے ہوگئی۔