کینیڈا میں خالصتان کے حامیوں نے مندر پر بھارت مخالف پوسٹرز لگا دیے

رواں برس خالصتان کے حامیوں کا کینیڈا میں کسی مندر میں احتجاج کا یہ چوتھا واقعہ ہے


ویب ڈیسک August 13, 2023
خالصتان حامیوں نے مندر میں بھارت مخالف نعرے بازی کی، فوٹو: فائل

کینیڈا کے سب سے قدیم مندر لکشمی نارائن کی دیواروں اور دروازے پر خالصتان کے حامیوں نے آزادی کے حق اور بھارت کی مخالفت میں پوسٹرز آویزاں کردیئے۔

بھارت سے آزادی کے لیے جدوجہد کرنے والی سکھوں کی تنظیم خالصتان نہ صرف انڈیا بلکہ پوری دنیا میں اپنے مقاصد کے حصول کے لیے سرگرم عمل ہے اور احتجاج کے مختلف طریقوں کے جمہوری حق کو استعمال کرتے ہوئے اپنا مؤقف عالمی دنیا کے سامنے رکھ رہی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق خالصتان کے حامیوں نے برٹش کولمبیا کے قدیم ترین مندروں میں سے ایک لکشمی نارائن مندر کے مرکزی دروازے اور دیواروں پر آزادی کے حق میں نعرے لکھ دیے۔

پوسٹرز میں کینیڈا کی حکومت سے 18 جون کو خالصتان کے رہنما ہردیپ سنگھ ننجر کی ہلاکت میں بھارت کے ملوث ہونے کی تحقیقات کا بھی مطالہ کیا گیا۔

یاد رہے کہ ہردیپ سنگھ ننجر خالصتان ٹائیگر فورس اور سکھس فار جسٹس کینیڈا کے صدر تھے جنھیں رواں برس جون میں نامعلوم حملہ آوروں نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔

خالصتان کے حامیوں نے مندر میں ریاست پنجاب کی بھارت سے علیحدگی اور مودی سرکار کے مظالم کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ کینیڈا میں خالصتان کے حامیوں کی جانب سے رواں سال چوتھا واقعہ ہے۔

اس سے قبل اپریل میں، اونٹاریو کے سوامی نارائن مندر، فروری میں مسی ساگا کے رام مندر اور جنوری میں برامپٹن کے ایک مندر میں بھی بھارت مخالف نعرے لکھے گئے تھے۔

دوسری جانب مودی سرکار کے حکام نے الزام عائد کیا کہ خالصتان نے کارکنان نے مندر میں داخل ہوکر مذہبی مقام کی بے حرمتی کی اور تاریخی مندر میں توڑ پھوڑ کرکے اسے نقصان پہنچایا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں