صدر کا اعلان جشن آزادی پر پنجاب کی جیلوں سے 44 قیدی رہا

صدر مملکت نے قیدیوں کی سزا میں کمی کی جس پر پنجاب بھر کی جیلوں کے 2423 قیدیوں کو فائدہ پہنچا


ویب ڈیسک August 13, 2023
فوٹو: فائل

صدر مملکت کی یوم آزادی پر قیدیوں کی سزا میں کمی کے حکم کے بعد پنجاب بھر کی جیلوں کے 2423 قیدیوں کو فائدہ پہنچا اور مجموعی طور پر 44 قیدیوں کو رہا کردیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے جشن آزادی کی مناسبت سے قیدیوں کی سزا میں 180 دن چھوٹ کا اعلان کیا گیا۔ سینٹرل جیل اڈیالہ میں قید مجموعی طور پر 490 اسیران کو سزاؤں میں چھوٹ ملی، اسی طرح سینٹرل جیل اڈیالہ میں اسیر 18 قیدی سزا میں چھوٹ کا فائدہ ملنے پر رہا کردیئے گئے جبکہ پنجاب بھر کی جیلوں کے مجموعی طور پر 2423 قیدیوں کو فائدہ پہنچا اور 44 قیدیوں کی رہائی عمل میں لائی گئی۔

جیل حکام کے مطابق کے مطابق سزا میں چھوٹ کا اطلاق تمام قیدیوں پر ہوا ہے تاہم ایسے قیدی جو زنا، دہشت گردی، ڈکیتی، اغوا اور ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہیں ان سمیت مالی غبن اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے قیدیوں پر بھی اس سزا میں چھوٹ کا اطلاق نہیں ہوتا جبکہ ایسے مرد قیدی جن کی عمر 65 سال یا اس سے زائد ہیں اور اپنی سزا کا 1/3 حصہ کاٹ چکے ہیں ، ان پر بھی اس سزا میں چھوٹ کا اطلاق ہوا ہے۔

اسی طرح ایسی خواتین قیدی جن کی عمر 60 سال یا اس سے زائد ہے اور اپنی سزا کا 1/3 حصہ کاٹ چکی ہیں ، ان پر بھی سزا میں چھوٹ ملی، خواتین قیدی جن کے ہمراہ بچے بھی موجود ہیں اور نابالغ قیدی جن کی عمر 18 سال سے کم ہے اور اپنی سزا کا 1/3 حصہ کاٹ چکے ہیں ، ان پر بھی اس سزا میں چھوٹ کا اطلاق ہوا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں