کراچی میں پولیس افسر کے بیٹے نے فائرنگ کرکے اپنے دوست کو قتل کردیا

ڈیفنس خیابان شمشیر میں ایس ایس پی سکرنڈ کے بیٹے سلمان نے پولیس اہلکاروں کے ساتھ مل کر اپنے دوست پر فائرنگ کی۔

پولیس نے ایس ایس پی سکرنڈ کے بیٹے اور 3 اہلکاروں کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی۔ فوٹو؛ایکسپریس نیوز

ڈیفنس میں پولیس افسر کے بیٹے نے قانون اپنے ہاتھ میں لیتے ہوئے جھگڑا کرنے پر پولیس اہلکاروں کے ہمراہ فائرنگ کرکے اپنے ہی دوست کی جان لے لی۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس خیابان شمشیر میں ایس ایس پی سکرنڈ غلام سرور ابڑو کا بیٹا سلمان 4 پولیس اہلکاروں کے ہمراہ اپنے دوست سردار سلمان بلوچ کے گھرگیا جہاں تلخ کلامی پردونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس سے سردار سلمان بلوچ اور پولیس اہلکار ظہیر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جب کہ ایس ایس پی کا بیٹا اور علی غلام نامی شخص زخمی ہوگئے۔

پولیس نے جائے وقوعہ سے ڈبل کیبن گاڑی، سرکاری اسلحہ، نائن ایم ایم، 30 اور 12 بور پستول کی گولیوں کے خول قبضے میں لے لئے۔ درخشاں پولیس نے ایس ایس پی کے زخمی بیٹے اور 3 اہلکاروں کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی۔
Load Next Story