شاہ رخ خان کی فلم ’جوان‘ کے مناظر لیک کرنے پر ایف آئی آر درج

ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ نے لیک ویڈیوز کو سوشل میڈیا سے ہٹانے کیلئے دہلی ہائی کورٹ سے بھی رجوع کیا تھا

فوٹو : فائل

بالی وڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کی پروڈکشن کمپنی 'ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ' اور ان کی بیوی گوری خان نے میگا فلم 'جوان' کے مناظر آن لائن لیک کرنے پر نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی ہے۔

بھارتی میڈیا ذرائع کے مطابق مبینہ چوری کی باضابطہ شکایت انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کے تحت 10 اگست کو درج کرائی گئی ہے۔

بالی وڈ کنگ کی فلم 'پٹھان' کے ویڈیو کلپ بھی اس سے قبل لیک ہوئے تھے اور اب اطلاعات کے مطابق مختلف ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر 'جوان' کے ویڈیو کلپ گردش کررہے ہیں۔


پولیس کو درج کرائی گئی شکایت میں ٹویٹر کے پانچ اکاؤنٹس کی نشاندہی کی گئی اور ان کو استعمال کرنے والوں کی تفصیلات بھی دی گئی ہے۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق فلم کی ویڈیو لیک میں ملوث پانچوں ٹویٹر اکاؤنٹس چلانے والوں کو قانونی نوٹس بھیجے گئے لیکن ان میں سے صرف ایک نے نوٹس کو موصول کیا ہے۔

قبل ازیں ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ نے لیک ویڈیوز کو سوشل میڈیا ویب سائٹ سے ہٹانے کیلئے دہلی ہائی کورٹ سے بھی رجوع کیا تھا۔
Load Next Story