بغیر اجازت امریکا میں کھیلنے پر شوکاز نوٹس جاری

امریکی شہری بن گئے اب کسی این او سی کی ضرورت نہیں، کئی پلیئرز کا موقف


Saleem Khaliq August 15, 2023
ثبوت طلب، پاکستان اور ڈومیسٹک کرکٹ کیلیے عدم دستیابی کا خط بھی مانگ لیا۔ فوٹو: فائل

پی سی بی نے بغیر اجازت امریکا میں کھیلنے والے کرکٹرز کو شوکاز نوٹس جاری کر دیے۔

پاکستانی ٹیم سے دور کرکٹرز کو ان دنوں امریکا میں اپنا روشن مستقبل نظر آ رہا ہے، اسی لیے کئی وہاں کھیلنے چلے گئے ہیں، پی سی بی کی بھی ان حالات پر گہری نظر ہے ، اس نے کھلاڑیوں کی شرکت این او سی سے مشروط کردی۔

ذرائع کے مطابق 15 سے زائد کرکٹرز نے امریکا میں کھیلنے کیلیے بورڈ سے اجازت لینے کی ضرورت ہی محسوس نہیں کی،اس کا نوٹس لیتے ہوئے انھیں شوکاز نوٹس بھی جاری کر دیے گئے ہیں، کئی پلیئرز نے موقف اپنایا کہ انھیں امریکی شہریت مل چکی لہذا اب کسی این او سی کی ضرورت نہیں ہے۔

جب پاکستانی کرکٹ حکام نے ان سے اس کا ثبوت اور یہ خط طلب کیا کہ وہ آئندہ پاکستانی ٹیم یا ڈومیسٹک کرکٹ کیلیے دستیاب نہیں ہوں گے تو کوئی جواب نہ دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی لیگ کیلیے 25 ہزار ڈالر کی شرط، کرکٹرز ریٹائرمنٹ پر مجبور

یاد رہے کہ گذشتہ دنوں منعقدہ ہیوسٹن اوپن ٹورنامنٹ میں صہیب مقصود، ارشد اقبال، عارش علی، حسین طلعت ، علی شفیق،عماد بٹ، عثمان شنواری، عمید آصف، ذیشان اشرف، سیف بدر، مختار احمد اورنعمان انور کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ انھوں نے پی سی بی نے کوئی این او سی نہیں لیا۔

اسی طرح ان دنوں جاری مائنر لیگ میں حصہ لینے والے سلمان ارشد، مصدق احمد، عمران خان جونیئر، علی ناصر اور حسین طلعت نے بھی کوئی اجازت نہیں لی البتہ فواد عالم، حسان خان، آصف محمود، میر حمزہ، شرجیل خان اور انور علی بورڈ سے این او سی لے کر ایکشن میں ہیں۔

یاد رہے کہ پی سی بی غیرملکی لیگ میں شرکت سے قبل این او سی کیلیے 10 ہزار ڈالر کی شرط عائد کر چکا،البتہ یہ رقم پلیئرز نہیں ان کی ٹیم کو دینا ہوتی ہے، کسی ٹیم کو اگر ایک بار کرکٹرز کیلیے اجازت مل جائے اوروہ پھرکسی اور پاکستانی سے بھی معاہدہ کرے تو اسے مزید10 ہزار ڈالر دینا ہوتے ہیں، بورڈ نے ہیوسٹن اوپن کے این او سی کیلیے تو ٹیموں سے رقم لی مگر مائنر لیگ کیلیے بلامعاوضہ اجازت دی گئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں