بھارت کو شکست دے کر ویسٹ انڈیز نے ٹرافی کا قحط ختم کر دیا

بھارت کیخلاف 6 برس بعد ٹی 20 میں فتح حاصل، میزبان کپتان ٹیم پر نازاں

بیٹنگ گہرائی پر توجہ دینا ہوگی، آگے بڑھنے کیلیے خامیوں کو دور کرنا ہوگا، ڈریوڈ۔ فوٹو: آئی سی سی ٹوئٹر

ویسٹ انڈیز نے سیریز ٹرافی کا قحط ختم کرلیا جبکہ بھارت کیخلاف 6 برس بعد ٹوئنٹی 20 سیریز نام کرلی۔

کیریبیئن سائیڈ نے بلو شرٹس کیخلاف پانچ میچز کی ٹوئنٹی 20 سیریز میں 2-3 سے کامیابی سمیٹ لی، میزبان اوپنرز برینڈون کنگ نے 85 کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، نکولس پوران نے 47 رنز بناکر ٹیم کو ہدف 2 وکٹ پر حاصل کرلیا۔

ویسٹ انڈیز نے 2017 کے بعد بھارت کیخلاف پہلی ٹوئنٹی 20 سیریز اپنے نام کی، بھارت کے 12سیریز میں ناقابل شکست رہنے کا سلسلہ بھی توڑدیا، مینز ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں دو برس سے زائد عرصے بعد بھارت کی سیریزمیں یہ پہلی ناکامی شمار ہوئی، ویسٹ انڈیز نے آئندہ برس امریکا کے ہمراہ ملکر ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی ملی ہوئی ہے، بھارت کیخلاف سیریز جیتنے پر ویسٹ انڈین ڈریسنگ روم کا اعتماد بحال ہوگیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ویسٹ انڈیز کی کمزور ٹیم سے شکست، شائقین بھارتی کرکٹ ٹیم پر برس پڑے


کپتان روومن پاول اپنی ٹیم کی کاوش پر انتہائی نازاں ہیں، انھوں نے کہا کہ میرے لیے جذبات کو الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہے، یہ ہمارے لیے بڑی سیریز تھی اور پلیئرز نے توقعات سے بڑھ کر پرفارمنس پیش کی۔

دوسری جانب بھارت نے سیریز میں نسبتاً نئے پلیئرز کو مواقع فراہم کیے، یشاسوی جیسوال اور تلک ورما نے سیریز میں رنز بنائے، رائٹ آرم پیسر مکیش کمار نے بھی اس ٹور میں صلاحیتوں کو منوایا۔

بھارتی ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ نے سیریز میں ناکامی سے قطع نظر اس کے مثبت پہلوؤں کو اجاگر کیا، انھوں نے کہاکہ سیریز کے ابتدائی دو میچز میں ناکامی کے بعد ہماری ٹیم نے بھرپور واپسی کی لیکن فیصلہ کن معرکے میں ہم فتح حاصل نہ کرپائے، ہم سے سیریز میں کچھ غلطیاں ہوئیں، ہماری ٹیم میں بیشتر نوجوان پلیئرز شامل ہیں اور یہ ابھی تشکیل کے مرحلے میں ہے، اس میں اتار چڑھآ آتے رہیں گے، تاہم ویسٹ انڈیز سے سیریز میں ناکامی نے ہمیں اپنی بیٹنگ گہرائی پر توجہ دینے پر مجبور کردیا ہے، ہمارے پاس اس ٹور میں اسکواڈ میں زیادہ تبدیلیوں کی گنجائش نہیں تھی۔بہرحال ہمیں آگے بڑھ کر خامیوں کو دور کرنا ہوگا۔

Load Next Story