لاہورقومی پرچم کی توہین کے الزام میں ڈی جی پی ایچ اے کے خلاف مقدمہ
پر چموں پر مختلف قسم کی تحریریں درج کرنے اور لوگو بنانے کا عمل قومی پرچم کی بے حرمتی کے زمرے میں آتا ہے، درخواست گزار
یوم آزادی پر قومی پرچم کی توہین کے الزام میں مقامی شہری نے ڈی جی پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے ) کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا۔
تفصیلات کے مطابق مقامی وکیل اور انسانی حقوق کے کارکن عبداللہ ملک کی درخواست پر لاہور کے تھانہ شادمان میں قومی پرچم کی توہین کے الزام میں ڈی جی پی ایچ اے کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
ایف آئی آر میں درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ حکومت پاکستان نے قومی پرچم کی حرمت کے حوالے سے 16 پروٹو کول بنا رکھے ہیں جن کی پیروی کرنا ہر شہری اور حکومتی ادارے کی اولین ذمہ داری ہے۔
ایف آئی آر میں مزید کہا گیا ہے کہ 14 اگست 2023 کو پورے پاکستان میں یوم پاکستان اس عزم کے ساتھ منایا جاتا ہے کہ ہم اپنے قومی پرچم کو ہمیشہ بلند ر کھیں گے۔
پی ایچ اے نے بھی لاہور میں اس دن کی مناسبت سے شہر کی مختلف شاہراہوں اور خصوصاً جیل روڈ پر بڑے بڑے بل بورڈ پر قومی پرچم آویزاں کیے مگر ان پر چموں پر مختلف قسم کی تحریریں اور لوگو بنائے گئے ہیں یہ تمام عمل قومی پرچم کی بے حرمتی کے زمرے میں آتا ہے۔
درخواست گزار نے مطالبہ کیا ہے کہ قومی پرچم کی تو ہین کرنے کی پاداش میں ڈی جی پی ایچ اے، ایڈیشنل ڈی جی سمیت دیگر ذمے داران کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ پولیس نے شہری کی درخواست پر ایف آئی آر نمبر 4875 درج کرلی ہے۔