شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو گھیر لیا 2 ہلاک
دہشت گردوں کے خاتمہ کیلئے آپریشن جاری ہے، مارے گئے دہشت گرد بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے، آئی ایس پی آر
سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کا گھیراؤ کرلیا، فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد بھی ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا اور فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو گھیرے میں لے لیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گردوں ہلاک ہوئے جن کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق دہشت گرد بھتہ خوری اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ سمیت دہشت گردی کے دیگر جرائم میں بھی سرگرم تھے۔ علاقے میں پائے جانے والے دہشت گردوں کے خاتمہ کیلئے آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقہ مکینوں نے آپریشن کو سراہا اور دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے بھرپور تعاون کایقین دلایا۔