پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پہلی مرتبہ ڈومیسٹک کرکٹ میں 74 خواتین کرکٹرز کیلئے ڈومیسٹک کنٹریکٹس دینے کا اعلان کردیا۔
بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام اس بات کا عکاس ہے کہ وہ ملک میں خواتین کرکٹ کی ترقی اور فروغ کو کس قدر اہمیت دیتا ہے اور اس سے اس بات کا بخوبی اندازہ بھی لگایا جاسکتا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف خواتین کرکٹ کی ترقی اور ان کے کریئر کے لیے بہترین راہ فراہم کرنے اور زیادہ سے زیادہ خواتین کرکٹرز کی شرکت کے سلسلے میں گہری دلچسپی اور واضح سوچ رکھتے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ آج پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے یہ اہم موقع ہے کہ ہم نے ِخواتین کرکٹ کی ترقی کے سلسلے میں تاریخی قدم اٹھایا ہے وہ 74 خواتین کرکٹرز کو مبارک باد پیش کرتے ہیں جو اپنی محنت اور ٹیلنٹ کی بدولت یہ کنٹریکٹس حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔
مزید پڑھیں: ایشین گیمز کرکٹ کیلئے پاکستانی ویمنز ٹیم کا اعلان، بسمہ معروف باہر
انہوں نے کہا کہ یہ قدم صرف کنٹریکٹس سائن کرنے کا معاملہ نہیں ہے بلکہ یہ ان غیرمعمولی کھلاڑیوں کے خوابوں اور خواہشات کو عملی جامہ پہنانا ہے۔
ویمنز کرکٹ کی ہیڈ تانیہ ملک کا کہنا تھا کہ انہیں 74 اچھی کھلاڑیوں کے لیے کنٹریکٹس کا اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہورہی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان خواتین کرکٹرز کو ڈومیسٹک کنٹریکٹس دینے کے علاوہ انہیں 7 مختلف کرکٹ اکیڈمیز میں ٹریننگ کی سہولتیں بھی فراہم کررکھی ہیں۔جن میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور، حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر کراچی، انضمام الحق ہائی پرفارمنس سینٹر ملتان، قیوم اسٹیڈیم پشاور، ایبٹ آباد اسٹیڈیم، بگٹی اسٹیڈیم کوئٹہ اور ویمنز اسپورٹس اسٹیڈیم بہاولپور شامل ہیں۔
مزید پڑھیں: بھارتی ویمنز ٹیم کی کپتان آگ بگولہ، وکٹ پر بیٹ دے مارا
جن کرکٹرز کو یہ کنٹریکٹس دیے جارہے ہیں ان میں 59 کھلاڑی ایمرجنگ اور انڈر نائنٹین کیٹگری سے تعلق رکھتی ہیں جبکہ 14 کرکٹرز وہ ہیں جو پہلے ہی سینئر سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرچکی ہیں۔ان خواتین کرکٹرز کو ماہانہ رقم کے علاوہ میچ فیس، ڈیلی الاؤنس اور انعامی رقم میں بھی حصہ ملے گا۔