پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے کے بعد انٹرسٹی بس کے کرایوں میں 250 روپے تک اضافہ

کراچی سے حیدرآباد کا کم سے کم کرایہ 600 روپے ہوگیا، دیگر صوبوں کیلیے 500 روپے تک اضافے پر بھی غور شروع

(فوٹو فائل)

پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے کے بعد ٹرانسپورٹرز نےاندرون صوبہ کرایوں میں 100سے 250روپے اضافہ کردیا، انٹرسٹی بس مالکان نے بھی 500روپے اضافے پرغورشروع کردیا۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد انٹراسٹی بس مالکان نے کرایوں میں 100 تا 250روپے اضافہ کردیا، جس کے بعد کراچی سے حیدرآباد کا کرایہ 100روپے اضافے کے بعد 600روپے، لاڑکانہ کا کرایہ 100روپے اضافے کے بعد 1500روپے ہوگیا جبکہ شکار پورکا کرایہ 200روپے اضافے کے بعد1600روپے ہوگیا اور مہیڑ کا کرایہ 100روپے اضافے کے بعد 1400 جبکہ سہیون شریف کا کرایہ 100روپے اضافے کے بعد 1200روپے ہوگیا۔

کراچی سے نصیرآباد کا کرایہ 250روپے اضافے کے بعد 1400 روپے ہوگیا۔

رہنما ائیرکنڈیشن بس اونرزایسوسی ایشن ملک ریاض کے مطابق حکومت نے مختصروقت کے دوران ایندھن کی قیمتوں میں دومرتبہ اضافہ کیا، پچھلی بار جب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت بڑھی تواس وقت ٹرانسپورٹرز نے اضافے سے گریزکیا تاہم اب اضافہ ناگزیر ہوچکا ہے۔


مزید پڑھیں: ریلوے نے کرایوں میں 10 فیصد اضافہ کر دیا

 

ملک ریاض کے مطابق ایک شہر سے دوسرے شہر کے درمیان مسافت کے تناظرمیں کراچی سے دیہی سندھ کے مختلف شہروں کوروانہ ہونے والی ائیرکنڈیشن گاڑیوں میں 100روپے تا 250روپے اضافہ کیا گیا ہے۔

ٹرانسپورٹررہنما کامران منہاس کے مطابق وزارت ٹرانسپورٹ نے جو کرائے مقرر کیے ہیں اس سے کم کرایہ وصول کیا جارہا ہے، اس وقت 1900 کلومیٹرکے فاصلے کا کرایہ ساڑھے پانچ ہزاروصول کررہے ہیں، اندرون ملک کرایے بڑھانے کے حوالے مشاورت چل رہی ہے جبکہ ملک کے دیگرصوبوں کو جانے والی بسوں کے کرائے میں 500روپے اضافہ زیرغور ہے۔
Load Next Story