ممبئی کے ہوٹل میں چکن کے سالن میں چوہا نکل آیا

انوراگ کی شکایت پر پولیس نے ہوٹل مینیجر کے علاوہ شیف اور چکن کے سپلائر کو بھی گرفتار کرلیا

فوٹو: ٹوئٹر

باندرہ میں واقع ہوٹل میں چکن کے سالن میں مرغ کے بجائے سالم چوہا نکل آیا، جس پر گاہک کی شکایت کے بعد پولیس نے ہوٹل کے مینیجر اور شیف کو گرفتار کرلیا۔

ممبئی پولیس کے مطابق گذشتہ اتوار کی شب انوراگ سنگھ اپنے دوست امین کے ساتھ باندرہ میں واقع ہوٹل پر کھانا کھانے گیا تھا۔ وہاں انہوں ایک چکن اور ایک مٹن کے سالن کا آرڈر دیا۔ انوراگ سنگھ نے اپنے لیے چکن کا انتخاب کیا جبکہ مٹن کی ڈش اس کے دوست کے حصے میں آئی۔

انوراگ سنگھ نے لقمے کھانے شروع کیے تو اسے احساس ہوا کہ بوٹی کا ذائقہ روایتی چکن جسیا نہیں تھا، جس پر اس نے بغور گوشت کی بوٹی کا جائزہ لیا تو یہ کراہت آمیز انکشاف ہوا کہ جس بوٹی کو اس نے چکن سمجھ کر منہ میں رکھا تھا وہ دراصل مردہ چوہا تھا۔

یہ انکشاف ہونے کے بعد دونوں دوست طیش میں آگئے اور انھوں نے ہوٹل مینیجر کو بلایا اور اس سے سوال کرنے لگے کہ چکن کے آرڈر میں چوہا کہاں سے آگیا جس پر مینیجر نے حیلے بہانے شروع کردیے۔

اس پر انوراگ سنگھ نے پولیس کو فون کردیا اور ان کی آمد پر ساری بات ان کے گوش گزار کرنے کے بعد بطور ثبوت چکن کی ڈش بھی ان کے سامنے کردی جس میں مردہ چوہا پڑا ہوا تھا۔ جس پر پولیس نے ہوٹل کے مینیجر اور شیف کے علاوہ چکن کے سپلائر کو بھی گرفتار کرلیا۔


انوراگ نے تھانے میں اپنی شکایت بھی درج کروائی اور بتایا کہ چوہے کا سالن کھانے سے اس کی طبیعت بھی خراب ہوگئی تھی اور اسے ڈاکٹر کے پاس جانا پڑا تھا۔

پولیس کے مطابق ہوٹل کے مینیجر، شیف اور چکن سپلائی کرنے والے کے خلاف کھانے میں گڑبڑ کرنے اور دوسروں کی صحت کو خطرے میں ڈالنے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

 
Load Next Story