پیمرا ترمیمی بل کی منظوری پرصحافتی تنظیموں کا صدر مملکت سے اظہارِتشکر

ڈاکٹر عارف علویٰ نے پیمرا میں ترمیم کو ضروری سمجھا جو یقیناْ پیمرا کو خود مختار بنانے میں پہلا قدم ہے، اعلامیہ

—فوٹو: ٹوئٹر

صحافتی تنظیموں کی نمائندہ تنظیموں پر مشتمل میڈیا جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے پیمرا ترمیمی بل 2023 کی منظوری پر صدر مملکت ڈاکٹرعارف علویٰ سے اظہار تشکر کیا ہے۔

آل پاکستان نیوز پیرز سوسائٹی (اے پی این ایس)، پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن (پی بی اے)، کونسل آف پاکستان نیوز پیر ایڈیٹرز(سی پی این ای)، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ (پی ایف یو جے) اور ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز (اے ای ایم این ڈی) کی جانب سے میڈیا جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے فورم سے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ ڈاکٹر عارف علویٰ نے پیمرا میں ضروری ترمیم کو اہم سمجھا جو یقیناْ پیمرا کو خود مختار بنانے میں پہلا قدم ہے، اور پیمرا ترمیم کے ذریعے پہلی مرتبہ 'فیک نیوز' کی تشریح کی گئی۔


میڈیا جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے مطابق 'پیمرا ترمیمی بل 2023 کے ذریعے اس امر کو یقینی بنانے کی کوشش کی گئی کہ الیکٹرانک میڈیا کے ملازمین کو بروقت تنخواہیں فراہم کی جائیں اور پیمرا چیئرمین کی تعیناتی حکومت کے بجائے پارلیمنٹ کے ذریعے ممکن ہوگی۔

اعلامیہ میں اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا گیا پیمرا ترمیمی بل 2023 کے ذریعے لائسنس کی شرائط کو معقول بنانے کے لیے الیکٹرانک میڈیا کے دیرینہ مطالبات کو جزوی طور پر حل کیا گیا۔

مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ 'آزادی اظہار اور آزاد میڈیا کے تصور تک پہچنے کے لیے طویل سفر کرنا ہے، تاہم موجودہ بل درست سمت کی جانب ایک قدم ہے'۔
Load Next Story