اسرائیلی فوج کی فائرنگ میں ایک اور فلسطینی نوجوان شہید تعداد 10 ہوگئی

32 سالہ مصطفیٰ الکستونی کو پناہ گزین کیمپ جنین میں چھاپا مار کارروائی کے دوران شہید کیا گیا


ویب ڈیسک August 17, 2023
اسرائیلی فوج نے رواں برس 200 سے زائد فلسطینی نوجوانوں کا خون بہایا، فوٹو: فائل

مغربی کنارے کے پناہ گزین کیمپ جنین میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک اور فلسطینی نوجوان شہید ہوگیا جس سے اس ماہ شہادتوں کی تعداد 10 سے تجاوز کرگئی۔


عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فورسز نے نوجوان کو جنین میں چھاپا مار کارروائی کے دوران شہید کیا۔ نوجوان کی شناخت 32 سالہ مصطفیٰ الکستونی کے نام سے ہوئی۔

فلسطینی وزارت صحت نے کہا کہ اسرائیلی فوج نے شدید زخمی نوجوان کو جان بوجھ کر تاخیر سے اسپتال منتقل کیا تھا۔ دورانِ علاج خون زیادہ بہہ جانے کے باعث نوجوان کی شہادت ہوگئی۔

یہ خبر پڑھیں : اسرائیل کے فلسطین پر فضائی حملے؛9 نوجوان شہید اور 27 زخمی

یاد رہے کہ 2 ماہ قبل جنین میں ہی اسرائیلی فوج نے ڈرون ٹیکنالوجی کی مدد سے کارروائی تھی۔ کئی دنوں تک پناہ گزین کا محاصرہ کیے رکھا تھا جس کے دوران 12 نوجوان شہید ہوگئے تھے۔

یہ محاصرہ اور نام نہاد آپریشن ایک اسرائیلی فوج کی ہلاکت کے بعد ختم کردیا گیا تھا۔ جس کے بعد آج دوبارہ سرچ آپریشن کیا گیا جس میں ایک نوجوان کی شہادت ہوئی۔

حماس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے مزاحمت کار جنین میں اسرائیلی فوج سے جھڑپ میں مصروف ہیں تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ شہید ہونے والا نوجوان بھی اس میں شامل تھا یا وہ ایک عام شہری تھا۔

اسرائیلی فوج نے نوجوان کی شہادت سے متعلق فوری طور پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔

واضح رہے کہ رواں برس اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد 200 سے زائد ہوگئی جب کہ 28 اسرائیلی بھی مارے گئے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔