9 مئی ہنگامے 3 سابق ارکانِ سندھ اسمبلی  کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

پولیس نے مقدمے کا حتمی چالان جمع کروا دیا، سابق رکن قومی اسمبلی اکرم چیمہ سمیت 13ملزمان بے قصور قرار

(فوٹو : فائل)

انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 9 مئی ہنگاموں سے متعلق کیس میں سندھ اسمبلی کے 3 سابق ارکان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

9 مئی کو چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کے خلاف ہنگامہ آرائی اور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے کی سماعت انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں ہوئی، جس میں تفتیشی افسر نے شاہ فیصل تھانے میں درج مقدمے کا حتمی عدالت میں جمع کروا دیا، جس میں سابق رکن قومی اسمبلی اکرم چیمہ سمیت 13 ملزمان کو بے قصور قرار دے دیا۔


چالان میں کہا گیا کہ مقدمے میں عالمگیر خان سمیت 5 ملزمان عبوری ضمانت پر ہیں جب کہ محمد کامران،طارق، عامر، یونس، جاوید، اظفر اور فہد سمیت 20سے زائد ملزمان گرفتار ہیں۔ 9 مئی کو چیئرمین تحریک انصاف کی گرفتاری کی اطلاع پر پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے کارکنان کو اشتعال دلوایا۔ تحریک انصاف کے کارکنان سڑکوں پر نکل آئے اور کار سرکار میں مداخلت کی۔ انہوں نے لاٹھی اور ڈنڈوں سے مسلح ہوکر ہنگامہ آرائی کی اور ریاست کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔

پولیس چالان کے مطابق پی ٹی آئی کارکنوں نے کار سرکار میں مداخلت کرتے ہوئے پولیس پر حملہ بھی کیا۔ سڑکوں پر موجود دکانیں بھی بند کروادیں۔ سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا جس سے عوام میں دہشت پھیلی۔ مقدمے میں 200 سے 300 نامعلوم کارکنان کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔ پولیس نے سابق رکن قومی اسمبلی اکرم چیمہ سمیت 13 ملزمان کو بے قصور قرار دے دیا۔

چالان میں راجا اظہر سمیت 3 مفرور سابق اراکین اسمبلی کو مفرور قرار دے دیا گیا۔ چالان میں پولیس اہل کاروں سمیت 10 گواہوں کو شامل کیا گیا۔ بعد ازاں عدالت نے سابق اراکین سندھ اسمبلی اظہر، فہیم خان اور عدیل احمد خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
Load Next Story