پاکستان میں نایاب نسل کے لیگرفالکن کی زندگی پر پہلی بار دستاویزی فلم تیار

دستاویزی فلم پاکستان کے چولستان ایریا میں بھارتی سرحد کے قریبی علاقوں میں ریکارڈ کی گئی ہے، ماہر جنگی حیات بدر منیر


آصف محمود August 18, 2023
—فوٹو: ایکسپریس نیوز

پاکستان میں معدومی کا شکار اورنایاب نسل کے لیگرفالکن سے متعلق پہلی بار ڈاکومنٹری تیار کرلی گئی ہے۔

لیگرفالکن کے مسکن، رہن سہن، کنزرویشن اور اس کی معدومی کی وجوہات کو اجاگر کرنے کے لیے جنگی حیات کے ماہر بدر منیر نے دستاویزی فلم تیار کی ہے۔ دستاویزی فلم پاکستان کے چولستان ایریا میں بھارتی سرحد کے قریبی علاقوں میں ریکارڈ کی گئی ہے جس میں متعدد لیگرفالکن اور ان کے بچے فلمائے گئے ہیں۔

بدر منیر نے بتایا کہ اس ڈاکومنٹری کی تیاری میں 6 ماہ لگے ہیں جبکہ لیگر فالکن کے مسکن کی تلاش میں ڈیڑھ سے دوسال لگے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ فالکن زمین پر رینگنے والے چھوٹے کیڑے ،مکوڑے کھاتا ہے اورحیاتیاتی تنوع میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لیگرفالکن کو بڑے فالکن کو پکڑنے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔

لیگرفالکن سے متعلق پنجاب وائلڈلائف سمیت دیگر ادارے یہ دعوی کرتے رہے ہیں کہ یہ پاکستان سے مکمل طور پرناپید ہوچکے ہیں تاہم بدرمنیر اور ان کی ٹیم نے ان کے مسکن کوتلاش کیا ہے۔ ڈاکومنٹری میں لیگرفالکن کے مساکن کی حقیقی لوکیشن نہیں بتائی گئی۔

بدر منیر کے مطابق اس کی وجہ یہ ہے کہ اس پرندے کو پہلے ہی معدومی کے خدشات کا سامنا ہے۔ درست لوکیشن بتانے سے خطرہ ہے کہ شکاری انہیں پکڑنے کی کوشش کریں گے، یہ دستاویزی فلم آئندہ چند ہفتوں میں پاکستان سمیت جنگلات اورجنگلی حیات کے تحفظ کے لئے کام کرنیوالے دیگر اداروں کے ساتھ ریلیز کی جائیگی جس کا مقصد عوام میں لیگرفالکن کی کنزرویشن اورتحفظ بارے آگاہی پیدا کرنا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں