بھارت کے پانی چھوڑنے سے ستلج میں سیلاب ہزاروں افراد کی نقل مکانی

سیلاب کے باعث متعدد حفاظتی بند ٹوٹنے اور بستیاں زیر آب آنے کا خطرہ، فوج طلب


ویب ڈیسک August 19, 2023
سیلاب کے باعث متعدد حفاظتی بند ٹوٹنے اور بستیاں زیر آب آنے کا خطرہ، فوج طلب فوٹو:فائل

دریائے ستلج میں بھارت کی جانب سے چھوڑے گئے پانی کی وجہ سے اونچے درجے کا سیلاب آگیا جس کے بعد ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا۔

قدرتی آفات سے نمٹنے کے صوبائی ادارے (پی ڈی ایم اے) پنجاب کے ترجمان نے کہا کہ دریائے ستلج میں اونچے سے بھی انتہائی اونچے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔

گنڈا سنگھ کے مقام پر پانی کی سطح 23 فٹ تک بلند اور بہاؤ 2لاکھ 78 ہزار کیوسک ہے۔ ہیڈ سلیمانکی سے 80 ہزار کیوسک پانی کا ریلہ گزر رہا ہے۔

پاک فوج کو امدادی کاموں کے لیے بلا لیا گیا ہے۔ دریائی بیلٹ کے21 مواضعات کی 53 ہزار سے زائد آبادی کو فوری نقل مکانی کرنے کی ہدایت کیی گئی ہے۔

لالیکا ، چاویکا ، وزیرکا، کوٹ مخدوم ، بونگہ احسان ، ککو بودلہ ، پیرسکندر ، کالیہ شاہ ، جودھیکا سمیت دیگر علاقوں سے نقل مکانی جاری ہے۔ اب تک 4805 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق بھارت کی جانب سے 21 اگست تک روزانہ کی بنیاد پر پانی چھوڑے جانے کی اطلاعات ہیں۔

سیلاب کے باعث متعدد حفاظتی بند ٹوٹنے اور بستیاں زیر آب آنے کا خطرہ ہے۔

منگلا ڈیم میں پانی کی سطح انتہائی بلند ہوگئی ہے۔ دریاٸے ستلج میں بیلی کلاں کا ایک رہاٸشی ڈوب گیا ہے۔ محمد نگر بستی ہیبتکے(بیلی کلاں) کا رہاٸشی فیض احمد ہٹھاڑ کے علاقہ سے مال مویشی نکالتے ہوٸے سیلابی ریلے میں ڈوب گیا جس کی لاش نکال لی گئی ہے۔

دریں اثنا ۔سیلاب متاثرہ آبادی کے لیے مزید اہم انتظامی اقدامات نافذ کرتے ہوئے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی جس کے تحت متاثرہ دیہات سے ہر فرد کا انخلاء لازمی ہے۔

کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کے مطابق 15 دیہات میں سے 4 دیہات خالی ہوچکے ہیں جب کہ 11 میں سے 92 فیصد آبادی کا انخلاء مکمل کرلیا گیا ہے، آج انتظامی آپریشن دوبارہ شروع کردیا گیا ہے، تمام دیہات کو مکمل طور پر خالی کیا جائے گا، ہم نے ہدایات جاری کر دی ہیں کہ دیہات خالی نہ کرنے والے پر کار سرکار میں مداخلت کا مقدمہ درج ہوگا، خالی شدہ دیہات کی حفاظت کیلیے مناسب انتظامات کیلئے پولیس تعینات کی جارہی ہے۔

کمشنر لاہور کے مطابق ریلیف کیمپس میں موجود افراد کو بہترین کھانا فراہم کیا جارہا ہے، پوری انتظامی مشینری موجود ہے، ۔کشتیاں اور بیڑے موجود ہیں، تمام جانوروں کو بیڑوں کے ذریعے محفوظ مقام تک پہنچایا جارہا ہے، جانوروں کیلئے چارہ اور ونڈا محکمہ لائیو اسٹاک مہیا کررہا ہے، بڑی تعداد میں جانوروں کو بھی محفوظ جگہ پر منتقل کیا جا چکا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں