راولپنڈی ایئرپورٹ سے لاکھوں روپے مالیت کی ہیروئن اسمگلنگ کی کوشش ناکام ملزم گرفتار

خوشاب کے رہائشی ملزم عبد الحمید کو حراست میں لے کر تفتیش کا آغاز کر دیا ہے، اے این ایف

ملزم نے ہیروئن اپنے سامان کے خفیہ خانوں میں چھپا رکھی تھی، اے این ایف۔ فوٹو: فائل

اینٹی نارکوٹکس فورس نے بے نظیر انٹر نیشنل ایئرپورٹ سے لاکھوں روپے مالیت کی 2 کلو ہیروئن بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق بے نظیر انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر اے این ایف حکام نے پرواز پی کے 219 کے ذریعہ راولپنڈی سے ابوظہبی جانے والے مسافر کے سامان کی تلاشی لے کر خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 2 کلو ہیروئن برآمد کر لی، مسافر کے سامان سے برآمد کی گئی ہئروئن کی قیمت بین الاقوامی مارکیٹ میں لاکھوں ڈالر بنتی ہے۔

اے این ایف حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کی شناخت عبد الحمید کے نام سے ہوئی ہے اور یہ خوشاب کا رہائشی ہے، ملزم کو حراست میں لے کر باقاعدہ تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
Load Next Story