سیکرٹ اور آرمی ایکٹ بل پر صدر کے دستخط پی ٹی آئی کا سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ
قومی و عدالتی سطح پر صدرِمملکت ڈاکٹرعارف علوی کے مؤقف کی بھرپور تائید و حمایت کا اعلان کرتے ہیں، ترجمان پی ٹی آئی
آفیشل سیکرٹ ایکٹ اور آرمی ایکٹ میں ترامیم کے مسوّدوں پر صدرِمملکت کے دستخط کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف نے عدالتِ عظمیٰ سے فوری رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی نے قومی و عدالتی سطح پر صدرِمملکت ڈاکٹر عارف علوی کے مؤقف کی بھرپور تائید و حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اہم ترین قانونی مسوّدہ جات کی توثیق کے عمل پر صدرِمملکت کا مؤقف ہرلحاظ سے غیرمعمولی اور سنجیدہ ترین اقدامات کا متقاضی ہے۔
ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ صدرِمملکت نے اپنی ٹویٹ کے ذریعے ریاستی و حکومتی ڈھانچے میں گہرائی تک سرایت کئے گئے مرض کی نشاندہی کی ہے، پچھلے 16 ماہ کے دوران پاکستان میں آئین سے انحراف، قانون کی پامالی، جمہوریت سے فرار اور ریاست کو شخصیات کے تابع کرنے کی رسومِ بَد کو تقویت پہنچائی گئی۔
ترجمان تحریک انصاف کے مطابق پارلیمان اور الیکشن کمیشن سمیت پوری ریاستی مشینری کو آئین کی تابعداری سے ہٹا کر غیرمرئی قوتوں کے اشاروں پر چلا دیا گیا، آئین کے اہم ترین حصوں پر عملدرآمد کو یکسر منسوخ کرکے ملک کو جنگل کے قانون کی گرفت میں دیکر میڈیا و عدالتوں کو نادیدہ قوتوں کے شکنجے میں جکڑ لیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی ایک متنازع عدالتی فیصلے کے ذریعے تیز ترین گرفتاری اور جماعت کو کچلنے کیلئے ہزاروں قائدین و کارکنان کےخلاف ننگی فسطائیت اسی سلسلۂ ناتمام کا حصہ ہے۔
ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ امریکا میں پاکستانی سفیر کے بھجوائے گئے خفیہ مراسلے (سائفر) کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرنے کیلئے عدالتی کمیشن قائم کرنے کے مطالبے کا بھی پرزور اعادہ کرتے ہیں۔
صدر مملکت نے ریاستی نظام میں پھیلے مہلک انفیکشن کو بے نقاب کردیا، تحریک انصاف
اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ سیکرٹ ایکٹ اور آرمی ایکٹ بلوں پر صدر مملکت کے ٹویٹ نے ریاستی نظم میں اوپر سے لے کر نیچے تک پھیلے مہلک ترین انفیکشن کو قوم کے سامنے بے نقاب کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق آفیشل سیکریٹ ایکٹ اور آرمی ایکٹ میں ترامیم کے مسوّدوں پر دستخطوں کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے صدر مملکت کے ٹویٹ پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔
ترجمان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ صدر مملکت کی ٹویٹ ہر لحاظ سے غیر معمولی، تشویش ناک اور ناقابلِ تصوّر ہے، صدرِمملکت کی ٹویٹ کے بعد پوری قوم میں بے چینی اور اضطراب کی سنگین لہر نے جنم لیا، صدرِمملکت کی ٹویٹ نے ریاستی نظم میں اوپر سے لے کر نیچے تک پھیلے مہلک ترین انفیکشن کو قوم کے سامنے بے نقاب کردیا۔
یہ پڑھیں : صدر مملکت کی آفیشل سیکرٹ ایکٹ اور آرمی ترمیمی بل پر دستخط کی تردید
ترجمان نے کہا ہے کہ صدر مملکت کی ٹویٹ کے مندرجات کا ہر زاویے اور ہر پہلو سے جائزہ لے رہے ہیں، ٹویٹ کے مفصل جائزے کے بعد اپنا ردعمل قوم کے سامنے رکھیں گے۔