بھارت کالج ہاسٹلز میں ’خودکشی پروف‘ کمرے بنانے کا حکم

بھارت میں رواں برس 2 درجن سے زائد طلبا خودکشی کرچکے ہیں


ویب ڈیسک August 20, 2023
بھارت میں رواں برس 2 درجن سے زائد طلبا خودکشی کر چکے ہیں، فوٹو: فائل

بھارت میں طلبا کی خودکشی کے بڑھتے ہوئے رجحان کی روک تھام کے لیے ہاسٹلز میں ایسے کمروں کی تیاری کا منصوبہ بنایا گیا ہے جس میں خودکشی کرنا ناممکن ہو۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست راجستھان میں صحرا کے کنارے واقعے قصبے ''کوٹا'' کی شہرت میڈیکل اور انجینیئرنگ کالجز کا ہونا ہے جن میں داخلے کے لیے ٹیسٹ کی تیاری کروانے والے انسٹی ٹیوٹس کی تعداد بھی کافی زیادہ ہے۔

تاہم اسی قصبے میں طلبا کی خودکشی کے واقعات سب سے زیادہ رونما ہوتے ہیں جس کی وجہ یہاں ملک کے سب سے نامور میڈیکل اور انجینئرنگ کالجز اور داخلے کی تیاری کروانے والےکوچنگ انسٹی ٹیوٹس کے مراکز کا ہونا ہی ہے۔

بھارت کے جونیئر وزیر تعلیم نے گزشتہ ماہ پارلیمنٹ میں اس قصبے میں خودکشی کے واقعات پر سوالات اٹھائے تھے۔ زیادہ تر واقعات میں کمرے کے پنکھے سے لٹک کر خودکشی کی جاتی تھی۔

جس پر کوٹا ضلعی انتظامیہ نے طلباء کے ہاسٹلز میں چھت کے پنکھوں کو تبدیل کرنے کا حکم دیا ہے۔ ہاسٹلز انتظامیہ کو ایسے پنکھے لگانے کا کہا گیا ہے جو انسان کے وزن کو برداشت نہ کرسکیں۔

علاوہ ازیں کمروں کے دروازے اور کھڑکیوں کو باہر سے کھولنے کا انتظام کرنے کا کہا گیا ہے۔ اسی طرح سی سی ٹی وی کیمروں سمیت ہر اُس آپشن کو اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جس سے خودکشی کو پہلے سے پکڑا جا سکے۔

یاد رہے کہ بھارت بھر سے ڈیڑھ لاکھ طلباء قصبے کوٹا کے 300 سے زیادہ نجی کالجوں میں داخلہ لے رہے ہیں اور اس سال ناکامی کی صورت میں اب تک 2 درجن طلبا خودکشی کر چکے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں