ڈالر کے ذخیرہ اندوز دوبارہ متحرک ہوسکتے ہیں

اگلا آئی ایم ایف پروگرام حاصل کرنے کیلیے حکومت کو تیزی سے معاشی اصلاحات کرنا ہونگی

الیکشن جلد از جلد کرائے جائیں، ٹیکس نیٹ میں اضافہ، سبسڈیز کا مکمل خاتمہ ضروری ہے (فوٹو: فائل)

روپے کی قدر میں گراوٹ سے ڈالر کے ذخیرہ اندوز ایک بار پھر متحرک ہوسکتے ہیں، اگر ایسا ہو تو حکومت کو ایسے ذخیرہ اندوزوں کیخلاف ایک واضح اور کلیئر پالیسی وضع کرنی ہوگی تاکہ معیشت کو کسی قسم کے ہیجان سے بچایا جاسکے۔

نگران حکومت آچکی ہے، سیاسی ہیجان کافی کم ہوچکا ہے، لیکن ملکی معیشت کے پیش نظر اب سیاست کو کچھ وقفہ دینے کی ضرورت ہے، الیکشن جتنی جلد کرادیے جائیں، اتنا ہی اچھا ہے، لیکن نگران حکومت کو بھی واضح اور مضبوط فیصلے کرنے ہوں گے۔

انرجی سیکٹر سے سبسڈیز کو مکمل طور پر ختم کرکے ٹیکس کا سارا بوجھ صارفین پر منتقل کرنا ہوگا اور انتہائی غریب افراد کو گیس اور بجلی کے بلوں میں سبسڈی دینے کے بجائے نقد وظیفے دینے ہوں گے، یہ سخت اقدامات بغیر کسی تاخیر کے اٹھانا ہوں گے، تاکہ آنے والی حکومت حالیہ نو ماہ کا پروگرام ختم ہونے کے بعد اگلے پروگرام کے حصول کیلیے آئی ایم ایف کے ساتھ کامیاب مذاکرات کرسکے۔


یہ بھی پڑھیں: ڈالر بے قابو، انٹربینک ریٹ 294 روپے سے تجاوز کرگئے

اگرچہ اہداف کو حاصل کرنے کیلیے یہ ٹائم فریم بہت کم ہے، لیکن سول ملٹری تعلقات کی مضبوطی اس کو ممکن بنا سکتی ہے، اور کام کی ابتدا کی جاسکتی ہے، سرمایہ کاری لانے کیلیے اقدامات کرنا ہوںگے، تاکہ سرمایہ کاری آنے سے ملازمتیں پیدا ہوں اور ڈالرز معیشت میں شامل ہوں۔

غیر ملکی سرمائے کی مسلسل آمد ہی پہاڑ جیسے قرضوں کو کم کرسکتی ہے، ایف بی آر کو مزید موثر بنانا ہوگا، تاکہ وہ ٹیکس نیٹ میں اضافہ کرے اور معیشت کو دستاویزی معیشت میں تبدیل کرسکے۔
Load Next Story