ملک بھر میں کارروائیاں سیکڑوں کلو منشیات برآمد 30 ملزمان گرفتار

کارروائیوں میں 575 کلو چرس، 38 کلو افیون،5 کلو 500 گرام آئس، 2 کلو ہیروئن اور 1193 کلو ممنوع مواد برآمد ہوا

گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے، ترجمان

اینٹی نارکوٹکس فورس نے ملک بھر میں 23 کارروائیوں کے دوران 620 کلو منشیات اور 1193 کلو ممنوعہ کیمیکل برآمد کرکے 30 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق برآمد کی گئی منشیات میں 575 کلو چرس، 38 کلو افیون،5 کلو 500 گرام آئس اور 2 کلو ہیروئن شامل ہے۔ منڈی موڑ پیرودھائی کے قریب پشاور کے رہائشی 2 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 36 کلو افیون، 32.400 کلو چرس اور 2 کلو ہیروئن برآمد کرلی گئی۔

موٹروے ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب دوسری کارروائی میں بس سے 36 کلوگرام چرس برآمد کرکے کوئٹہ اور شانگلہ کے رہائشی 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ علاوہ ازیں جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ پر مسافر کے ٹرالی بیگ سے 2 کلو 575 گرام آئس برآمد ہوئی۔ پرواز نمبر FZ-332 کے ذریعے سعودی عرب جانے والا ٹوبہ ٹیک سنگھ کا رہاشی گرفتار کرلیا گیا۔


کراچی میں الآصف اسکوائر کے قریب گاڑی سے 173 کلو چرس برآمد ہوئی۔ کارروائی کے دوران کراچی ہی کے رہائشی 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ اُدھر لاہور میں علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ پر گوجرانولہ کے رہائشی مسافر سے 2 کلو 622 گرام آئس برآمد کرلی گئی۔ ملزم پرواز نمبر GF-767 کے ذریعے بحرین کے لیے روانہ ہو رہا تھا۔

چمن کے علاقے کلی عبد الرحیم میں منشیات بنانے والی فیکٹری پر اے این ایف نے چھاپا مارا جہاں سے 480 لیٹر ہائیڈرو کلورک ایسڈ برآمد کرلی گئی۔ فیکٹری میں کام کرنے والے افغان باشندے سمیت چمن کے رہائشی 4 ملزمان گرفتار کرلیے گئے۔

آر سی ڈی ہائی وے پر گڈانی کے قریب مسافر بس میں سوار قلعہ عبداللہ کے رہائشی کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزم 42 کلوگرام چرس کوئٹہ سے کراچی اسمگل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ ایک اور کارروائی میں خان کلی چمن میں اسمگلنگ کے لیے چھپایا گیا 713 لیٹر ممنوع مواد برآمد کرلیا گیا۔

ترجمان کے مطابق تمام کارروائیوں میں گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِمنشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
Load Next Story