حکومت کا بجلی کی فروخت تقسیم اور ٹیرف کا موجودہ نظام ختم کرنے کا فیصلہ

نگراں وزیراعظم نے بجلی کی تقسیم کارکمپنیوں کو صوبوں کی ملکیت میں دینے کیلیے سمری وفاقی کابینہ کوبھیجنے کی منظوری دیدی

(فوٹو: فائل)

نِگراں وفاقی حکومت نے بجلی کی فروخت، تقسیم اور ٹیرف کا موجودہ نظام ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

نگراں وزیر اعظم نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو صوبوں کی ملکیت میں دینے کے لیے سمری وفاقی کابینہ کو بھیجنے کی منظوری دے دی ہے۔ دستاویز کے مطابق حکومت نے ملک بھر میں بجلی کے یکساں ٹیرف کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ علاوہ ازیں ہر صوبے میں بجلی کے ریٹ اور سبسڈی کی ذمے داری صوبوں کو منتقل کردی جائے گی۔


دستاویزات کے مطابق حیدر آباد اور سکھر الیکٹرک سپلائی کمپنی سندھ کی ملکیت میں دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کوئٹہ الیکٹرک کمپنی بلوچستان کی، لاہور گوجرنوالہ،فیصل آباداور ملتان الیکٹرک سپلائی کی ملکیت پنجاب اور اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کی ملکیت پنجاب اور وفاق کی مشترکہ طور پر ہو گی ۔ پشاور اور ٹرائبل ایریا الیکٹرک سپلائی کمپنی خیبر پختونخوا کی ملکیت میں دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تقسیم کار کمپنیوں کو صوبوں کے حوالے کرنے کا پالیسی فریم ورک تیار کر لیا گیا ہے۔ دستاویزات کے مطابق بجلی چوری اور عدم وصولیوں کے باعث قومی خزانہ بوجھ اٹھانے کے قابل نہیں رہا۔
Load Next Story