لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے بزرگ شہری شہید 3 خواتین زخمی
پاکستان کسی بھی مہم جوئی کا اپنی مرضی کے وقت اور جگہ پر بھرپور جواب دے گا، آئی ایس پی آر
لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے بزرگ شہری شہید ہوگیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پیر کو بھارتی فوج نے نکیال سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کرکے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں گاؤں اولی ضلع کوٹلی کے رہائشی 60 سالہ غیاث نامی بزرگ شہری شہید اور گھاس کاٹنے والی 3 خواتین زخمی ہوگئیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی جارحیت موجودہ سیز فائر مفاہمت کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ پاکستان اپنی سرحدوں پر امن و سکون کا خواہاں ہے تاہم اپنے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
پاک فوج کے اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ بھارت کو پاکستانی عوام کے خلاف کسی بھی مہم جوئی کا اپنی مرضی کے وقت اور جگہ پر بھرپور جواب دیا جائے گا۔