نوازشریف پہلے بھی اپنی غلطی سے گرے اور اب بھی وہی حرکتیں کررہے ہیں شیخ رشید
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے 20 جون سے ٹرین مارچ کا اعلان کردیا جبکہ ان کا کہنا ہےکہ نوازشریف پہلے بھی اپنی غلطی سے گرے اور اب بھی وہی حرکتیں کررہے ہیں۔
راولپنڈی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ پنڈی کا میرا ایک بھی ووٹر استعفے کا کہے تو ابھی استعفیٰ دینے کے لیے تیار ہوں،پانچ بار رکن اسمبلی بنا مگر کرپشن کا کوئی داغ نہیں،ایسی اسمبلی پر لعنت بھیجتا ہوں ،جان دے دوں گا مگر پنڈی کی عزت پر دھبہ نہیں لگنے دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ11 مئی تک لوڈشیڈنگ کم کرکے قوم کو دھوکا دیا جارہا ہے جبکہ لوڈشیڈنگ آئندہ 11 سالوں میں بھی کم نہیں ہوگی۔
شیخ رشید نے کہا کہ نوازشریف پہلے بھی اپنی غلطی سے گرے اور اب بھی وہی حرکتیں کررہےہیں،اسمبلی کو جیب میں ڈالنے والے فوج کو جیب میں بند نہیں کرسکتے،ہماری فوج ایک عظیم فوج ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار نے پاکستان کی 2نسلوں کو مقروض کردیا ہے ، گزشتہ پانچ سالوں سے سرکلرڈیٹ 500 ارب تھا جبکہ اب ایک سال میں 300 ارب تک پہنچا گیا ہے۔