متحدہ عرب امارات میں پاکستان کیخلاف سیریز کانٹے دار ہوگی آسٹریلوی کپتان

پاكستان كے پاس اچھے بولرز اور تجربہ كار بلے باز ہیں اس لئے ہماری ٹیم كے لئے یہ سیریز چیلنجنگ ہوگی، مائیکل کلارک

متحدہ عرب امارات کی پچز عموماً اسپن بولروں کے لئے سازگار ہوتی ہیں اس لئے وہاں پاكستان كو شكست دینا آسان نہیں ہوگا، مائیکل کلارک فوٹو: فائل

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے قائد مائیکل کلارک کا کہنا ہے کہ رواں برس اکتوبر میں متحدہ عرب امارات میں پاكستان كے خلاف سیریز كانٹے دار ہوگی تاہم اس چیلنج سے نمٹنے كے لئے ہم پوری طرح تیار ہیں۔


ایک انٹرویو میں مائیکل کلارک نے کہا کہ پاكستان کی مضبوط ٹیم ہے اور ماضی میں یو اے ای میں كئی فتوحات حاصل كرچكی ہے، گرین شرٹس كے كھلاڑی عرب امارات کی كنڈیشنز سے اچھی طرح واقف ہیں اس لئے اسے زیر كرنے كے لئے ٹیم كے ہر كھلاڑی كو اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھانا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاكستان كے پاس اچھے فاسٹ بولرز، اسپنرز اور تجربہ كار بلے باز ہیں اس لئے میں سمجھتا ہوں كہ ہماری ٹیم كے لئے یہ سیریز چیلنجنگ ہوگی تاہم ہم بھرپور مقابلے كے لئے تیار ہیں۔

مائیکل کلارک نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی پچز عموماً اسپن بولروں کے لئے سازگار ہوتی ہیں اس لئے وہاں پاكستان كو شكست دینا آسان نہیں ہوگا، ہمارے بلے بازوں كو اسپنرز كے خلاف كھیلنے میں مشكل درپیش آتی ہے اس لئے پاكستانی اسپنرز كو سنبھل كر كھیلنا بلے بازوں كے لئے کڑا امتحان ہوگا جبکہ كاركردگی میں بہتری لانے كے لئے بلے بازوں كو بھی سخت محنت كرنا ہوگی۔ انہوں نے كہا كہ ورلڈ كپ میں ابھی كئی ماہ باقی ہیں لہٰذا كھلاڑیوں كے پاس سلیكٹرز كو مطمئن كرنے كا نادر موقع ہے، جو كھلاڑی مستقل مزاجی سے كھیل پیش كریں گے سلیكٹرز انہیں آئندہ برس ورلڈ كپ كھیلنے كا موقع دیں گے۔
Load Next Story