ڈالر تیسری سنچری عبور کرگیا ملکی تاریخ میں بلند ترین سطح پر

انٹربینک مارکیٹ میں آج بھی ڈالر کی پرواز جاری،300.26 روپے کی سطح پرآ گیا، پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی تیزی کا رجحان


ویب ڈیسک August 24, 2023
(فوٹو: فائل)

ڈالر کی روپے کے مقابلے میں اُڑان کا سلسلہ جاری ہے، آج جمعرات کے روز بھی ڈالر ملکی تاریخ میں بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

کاروباری ہفتے کے چوتھے روز انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 7 پیسے کمی سے شروع ہوئی جب ڈالر روپے کے مقابلے میں 299 روپے 56 پیسے کی سطح پر آ گیا، تاہم بعد میں کمی بیشی کا رجحان جاری رہا اور بالآخر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر تیسری سنچری کو عبور کرگیا اور 63 پیسے اضافے کے ساتھ 300 روپے 26 پیسے کی سطح پر آ گیا، جو کہ انٹربینک میں ملکی تاریخ میں ڈالر کی بلند ترین سطح ہے۔

دریں اثنا اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر 2 روپے اضافے کے ساتھ 314 روپے کی بلند ترین سطح پر آ گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 299 روپے 63 پیسے کی بلند ترین سطح پر بند ہوا تھا جب کہ اوپن مارکیٹ میں گزشتہ روز ڈالر کی قدر میں اچانک اضافہ ہوا تھا، جس کے نتیجے میں ڈالر 6 روپے بڑھ کر 312 روپے پر بند ہوا تھا۔

دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج تیزی کا رجحان ہے۔ جمعرات کے روز 159 پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ کاروباری دن کا آغاز ہوا تو کے ایس ای 100 انڈیکس بڑھ کر 47578 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا، بعد میں مارکیٹ میں تیزی رہی ، جس کے نتیجے میں 528 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 100 انڈیکس 47946 پوائنٹس کی سطح پر ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں