امن و امان کی بحالی پہلی ترجیح لوگوں کی امید ختم نہیں ہونے دیں گے آئی جی سندھ

لوگوں کو ریلیف دینا ہے، افسران کے تبادلے الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق ہوں گے، راجہ رفعت

فوٹو: ایکسپریس

انسپکٹر جنرل پولیس سندھ راجہ رفعت نے کہا ہے کہ امن و امان کی بحالی ہماری پہلی ترجیح ہے، لوگوں کو ریلیف دینا ہے، افسران کے تبادلے الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق ہوں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس احمد علی شیخ سے ان کے چیمبر میں ملاقات کے بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

آئی جی سندھ راجہ رفعت نے اسٹریٹ کرائم سے متعلق سوال پر کہا کہ آپ صبر کریں، مہلت دیں، صورتحال میں بہتری نظر آئے گی۔ ہم اپنی طرف سے بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ چیف جسٹس سے یہ ملاقات رسمی تھی۔


آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ امن و امان کی بحالی ہماری پہلی ترجیح ہے۔ لوگوں کو ریلیف دینا ہے، پولیس سروس کو بہتر کرنا ہے۔ چیلنجز تو سب کو معلوم ہیں بتانے کی ضرورت نہیں، چینلز اتنے ضروری نہیں، لیکن ہمارا رسپانس لازمی ہے۔

راجہ رفعت نے کہا کہ افسران کے تبادلے الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق ہوں گے۔ صوبے میں جب بھی نئی کمانڈ آتی ہے تو امیدیں اور توقعات بھی زیادہ ہوتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کی امید ہے اور ان کی امید ختم نہیں ہونے دیں گے۔ سینیئر افسران سے متعلق سوال پر راجہ رفعت نے کہا کہ سینیئر افسران سے متعلق پولیس کا اپنا نظام موجود ہے۔
Load Next Story