پولیس اور رینجرز نے کارروائیوں میں 107 ملزم گرفتارکرلیے

ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور دستی بم برآمد ، گلشن میں مقابلے کے بعد ملزم فرار

ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور دستی بم برآمد ، گلشن میں مقابلے کے بعد ملزم فرار. فوٹو: فائل

رینجرز اور پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپے اور ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران ایک زخمی ملزم سمیت107ملزمان کو گرفتار و حراست میں لے کر ان کے قبضے سے اسلحہ اور دستی بم برآمد کیاہے ۔


تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او گلشن اقبال انسپکٹر اورنگ زیب خٹک نے پولیس پارٹی کے ہمراہ گلشن اقبال بلاک13/D1میں کارروائی کرتے ہوئے مقابلے کے بعد ملزم راشد ولد طفیل کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اس کے قبضے سے ٹی ٹی پستول ، طلائی زیورات اور شٹر کاٹنے والا کٹر برآمد کرلیا ، گرفتار ملزم کا ایک ساتھی موقع سے زخمی حالت میں فرار ہوگیا ، رسالہ پولیس نے پان منڈی میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے ملزم کامران عرف کمو عرف کامی ولد عبدالغفار کو گرفتار کرلیا ، ایس ایچ او رسالہ فیصل خان نے بتایا کہ ملزم نے دوران تفتیش کئی افراد کو قتل کرنے کا انکشاف کیا ہے ۔

ملزم کے قبضے سے ایک سب مشین گن اور ایک دستی بم برآمد کر لیا،رینجرز اور پولیس نے پٹھان کالونی اور قصبہ موڑ کے قریب ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران 12مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ، کورنگی صنعتی ایریا پولیس نے مہران ٹاؤن سے5 ملزمان محمد یونس ، نورین شاہ ، عبدالرحمٰن ، صالح محمد اور محمد منظر کو گرفتار کر کے5 ٹی ٹی پستول برآمد کر لیے، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان عادی جرائم پیشہ ہے ان سے مزید تفتیش کی جارہی ہے ، کراچی پولیس کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پولیس نے گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران88ملزمان کو گرفتار کرلیا،اعلامیے کے مطابق گرفتار ملزمان میں ٹارگٹ کلر ، بھتہ خور اور مختلف جرائم میں ملوث ملزمان شامل ہیں۔
Load Next Story