نگراں مشیر بلوچستان کے محافظوں کے تشدد پر ڈاکٹرز نے ہڑتال کا اعلان کردیا
عمیر محمد حسنی کے محافظوں کو اسپتال میں داخل ہونے سے روکا تو انہوں نے تشدد اور توڑ پھوڑ کی، اسپتال انتظامیہ
بلوچستان کے نگراں مشیر برائے معدنیات عمیر حسنی کے محافظوں کے تشدد پر ڈاکٹرز نے تمام اسپتالوں میں ہڑتال کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے نگراں مشیر برائے معدنیات عمیر محمد حسنی اپنے کسی عزیز کی عیادت کیلیے سول اسپتال ٹراما سینٹر پہنچے جہاں اُن کے محافظں نے عملے اور سیکیورٹی پر تعینات اہلکاروں کے ساتھ مبینہ طور پر بدتمیزی کی اور انہیں زدوکوب کیا۔
واقعے کے خلاف ینگ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے ٹراما سینٹر اور پھر بلوچستان اسمبلی کے باہر احتجاج کیا۔
ترجمان سول اسپتال کے مطابق نگران مشیر کے ساتھ مسلح گارڈز نے بھی ٹراما سینیٹر میں داخل ہونے کی کوشش کی تو انہیں عملے نے روک دیا تھا جس پر مسلح افراد نے ڈاکٹر اور عملے کے ساتھ مبینہ بد تمیزی اور توڑ پھوڑ کی۔
دوسری جانب پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف کے ساتھ بدتمیزی کے واقعے پر صوبے بھر کے تمام اسپتالوں میں ہڑتال کی کال دے دی۔