بیماریوں سے محفوظ رہنے کیلیے شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں بلدیہ عظمیٰ

گرمیوں میں پیٹ کی تکلیف، دست اور اسہال وبائی صورت اختیار کرسکتے ہیں جس سے انسانی جان کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے

پانی ابال کر پئیں،پانی میں کلورین کی موجودگی یقینی بنائی جائے، گلی سڑی سبزیاں،پھل اور باسی کھانا کھانے سے پرہیز کریں فوٹو : فائل

کراچی میں موسم کی تبدیلی اور گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث بلدیہ عظمیٰ کراچی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ موسم گرما اور مون سون کی بارشوں کے دوران متعدی بیماریوں خصوصاً پیٹ کی تکلیف، دست اور اسہال سے محفوظ رہنے کیلیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں بصورت دیگر یہ بیماریاں وبائی صورت اختیار کرسکتی ہیں۔

اس سے انسانی جان کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے لہٰذا شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، پانی ہمیشہ اچھی طرح ابال کر ٹھنڈا کرکے پیئں، پینے اور ہاتھ منہ دھونے کیلیے استعمال ہونے والے پانی میں کلورین کی موجودگی کو یقینی بنائیں، کھانے پینے کی اشیا کو دھول مٹی اور مکھیوں سے محفوظ رکھیں اور ہمیشہ صاف برتنوں میں ڈھانپ کر رکھیں، سبزیاں اور پھل اچھی طرح صاف پانی سے دھوکر استعمال کریں، گلی سڑی سبزیاں اور پھل کھانے سے پرہیز کریں۔


کچے یا بہت زیادہ پکے ہوئے پھل اور سبزیاں ہرگز استعمال نہ کریں، کھانا کھانے سے پہلے ہاتھوں کو اچھی طرح صابن سے دھوئیں، باسی کھانا کھانے سے پرہیز کریں، ٹھیلے پر بکنے والی کھانے پینے کی کھلی اشیا کھانے سے پرہیز کریں، گھروں اور خصوصاً باورچی خانوں کو صاف ستھرا اور کیڑے مکوڑوں سے محفوظ رکھیں، کچرا ہمیشہ کاغذ کی تھیلیوں میں باندھ کر کچرا دانوں میں ڈالیں، رفع حاجت اور بیت الخلا سے آنے کے بعد ہاتھوں کو فوراً صابن سے اچھی طرح دھوئیں۔

پانی کے انڈر گراؤنڈ اور اوورہیڈ ٹینکوں کی صفائی ضرور کریں، دست کی بیماری میں مبتلا ہوجانے کی صورت میں فوراً نمکول (اوآر ایس )کا استعمال شروع کردیں، دستوں کے دوران مریض کا کھانا پینا ہرگز بند نہ کریں بلکہ ہلکی اور جلد ہضم ہونے والی غذا مثلا کھچڑی، دہی، دلیہ اور کیلا وغیرہ کھلانا شروع کردیں جبکہ طبیعت زیادہ خراب ہونے کی صورت میں مریض کو فوراً قریبی مرکز صحت سے رابطہ کرنا چاہیے۔
Load Next Story