پولیس اہلکار کی شہادت میں ملوث خطرناک ملزم مقابلے میں مارا گیا

ملزم اور ساتھیوں کی فائرنگ سے 27 سالہ اہلکار عادل شہید ہوا تھا

فوٹو ایکسپریس

شہر قائد کے علاقے پرانا گولیمار جہان آباد میں سرچ آپریشن کے دوران پولیس اہلکار عادل کی شہادت میں ملوث خطرناک ملزم چند گھنٹوں میں مارا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق پرانا گولیمار جہان آباد میں سرچ آپریشن کے دوران مبینہ مقابلہ ہوا، جس میں فائرنگ کے تبادلے میں لیاری گینگ وار کا کارندہ عمران عرف ٹڈا مارا گیا۔

پولیس کے مطابق مارے جانے والے ملزم کا تعلق لیاری گینگ وار کے گروپ ریاست جدگال سے تھا اور وہ منشیات فروش گروہ کا اہم کارندہ تھا۔


ایس ایس پی کیماڑی کے مطابق ملزم کے قبضے سے نائن ایم ایم پستول برآمد ہوا جبکہ اُس کے باقی ساتھیوں کی تلاش میں آپریشن جاری ہے۔

واضح رہے کہ صبح پاک کالونی پرانا گولیمار کے علاقے میں منشیات فروشوں کی فائرنگ سے پاک کالونی تھانے کا اہلکار شہید ہوگیا تھا۔ جس کے بعد پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کرتے ہوئے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

آئی جی سندھ نے ایس ایس پی کیماڑی سے واقعہ کی رپورٹ طلب کی۔ رپورٹ کے مطابق مقتول اہلکار کی ایک سال قبل شادی ہوئی تھی اور وہ گھر کا واحد کفیل تھا۔

ایس ایس پی کیماڑی کیپٹن (ر) فیضان علی کے مطابق 2 موٹر سائیکلوں پر 4 پولیس اہلکار علاقہ گشت میں مصروف تھے اور اس دوران پولیس پارٹی گھاس والی گلی پہنچی تو مسلح ملزمان نے اہلکاروں کو دیکھ کر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں پاک کالونی تھانے میں تعینات کانسٹیبل 27 سالہ عادل کے سینے اور کندھے پر 2 گولیاں لگیں اور وہ شدید زخمی ہوا تھا، جو اسپتال میں دم توڑ گیا۔
Load Next Story