طالبان مذاکرات چاہتے ہیں یا نہیں حکومت نے حتمی جواب مانگ لیا

طالبان رابطہ کار کمیٹی طالبان قیادت سے رابطہ کرکے حکومت کو 72 گھنٹوں میں آگاہ کرے، حکومتی پیغام


عامر خان May 10, 2014
طالبان رابطہ کار کمیٹی طالبان قیادت سے رابطہ کرکے حکومت کو 72 گھنٹوں میں آگاہ کرے، حکومتی پیغام فوٹو: فائل

وفاق نے طالبان رابطہ کارکمیٹی کو واضح پیغام دیاہے کہ وہ طالبان شوریٰ سے رابطہ کرکے حکومت کوحتمی جواب دے کہ طالبان قیادت مذاکراتی عمل کو جاری رکھنا چاہتی ہے یانہیں ۔

اگر چند روز میں واضح پیغام سامنے نہیں آیا تو حکومت یہ سمجھنے پر مجبور ہوجائے گی کہ طالبان قیادت مذکراتی عمل میں سنجیدہ نہیں،حکومت مذاکراتی عمل کو ختم کرنے اور دیگر آپشنز پر باضابطہ غورکرکے اپنی حتمی پالیسی کا تعین کرلے گی ،سیکورٹی فورسز پر جاری مسلسل حملوں ،طالبان کی جانب سے قیدیوں کو رہا نہ کرنے ،سیز فائر میں توسیع نہ کرنے کے معاملات پرطالبان قیادت کی عدم دلچسپی پروفاق نے اپنے خدشات سے طالبان رابطہ کار کمیٹی کو آگاہ کردیا ہے۔

حکومتی پیغام میں طالبان رابطہ کار کمیٹی کو کہا گیا ہے کہ وہ طالبان قیادت سے رابطہ کرکے حکومت کو72گھنٹوں میں آگاہ کرے کہ مذاکرات کے حوالے سے طالبان کی آئندہ حکمت عملی یا پالیسی کیا ہے،طالبان رابطہ کار کمیٹی نے وفاق کوعندیہ دیا ہے کہ وہ طالبان قیادت سے رابطہ کرکے اس حوالے سے جلدآئندہ کی حکمت عملی سے حکومت کو آگاہ کرے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں