محبوبہ کو ہوٹل کے کمرے میں قتل کرنے والے عاشق کو 60 سال قید

35 سالہ شخص نے اگست 2020 میں اپنی 47 سالہ محبوبہ پر چاقو سے 27 وار کیے

امریکا میں 35 سالہ شخص نے 47 سالہ محبوبہ کو ہوٹل میں قتل کردیا تھا، فوٹو: فائل

امریکی ریاست ٹیکساس میں 47 سالہ لائف پارٹنر کو تیز دھار چاقو کے وار کرکے قتل کرنے والے 35 سالہ ملزم کو 60 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق 35 سالہ شخص میک نیل نے 17 اگست 2020 کو اپنی 47 سالہ دوست ہوک کو بیدردی سے اس وقت قتل کیا جب دونوں ہوٹل کے ایک کمرے میں موجود تھے۔

پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی تو خاتون کو خون میں لت پت پایا۔ خاتون پر چاقو کے 27 وار کیے گئے تھے جب کہ دو بار نشانہ دل کو بنایا گیا تھا جس سے دل کو شدید نقصان پہنچا تھا۔


خاتون کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ دوران علاج چل بسیں۔ پولیس نے ملزم کو ہوٹل کے کمرے سے ہی گرفتار کرلیا تھا جو اپنے حواس میں نہیں تھا۔

دوران تفتیش میک نیل نے قتل کا اعتراف کر لیا تھا جب کہ اس کا مجرمانہ ریکارڈ بھی مل گیا۔

عدالت نے کہا اگرچہ ملزم نے اپنا جرم قبول کرلیا لیکن وہ اس کا قصور وار مقتولہ ہی کو سمجھتا ہے اس لیے 60 سال قید کی سزا سنائی جاتی ہے۔
Load Next Story