چیئرمین پی ٹی آئی کو سزا سنانے والے جج ہمایوں دلاور کو او ایس ڈی بنادیا گیا

ایڈیشنل رجسٹرار نے نوٹی فکیشن جاری کردیا، ہمایوں دلاور کو اسلام آباد ہائیکورٹ رپورٹ کرنے کی ہدایت

فوٹو فائل

توشہ خانہ فوجداری کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو تین سال قید کی سزا سنانے والے جج ہمایوں دلاور کو آفیسر اسپیشل ڈیوٹی بنا دیا گیا۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق کی ہدایت پر ایڈیشنل رجسٹرار نے ہمایوں دلاور کے تبادلے کا نوٹی فکیشن جاری کیا۔

نوٹی فکیشن کے مطابق ہمایوں دلاور کو ایڈیشنل سیشن جج کے عہدے سے ہٹا کر او ایس ڈی بنا دیا گیا ہے جبکہ انہیں اسلام آباد ہائیکورٹ رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق جج ہمایوں دلاور برطانیہ میں کورس میں شرکت کے بعد وطن واپس آ چکے ہیں وہ پانچ اگست کے بعد سے سالانہ عدالتی تعطیلات پر ہیں۔


مزید پڑھیں: جج ہمایوں دلاور کو لندن میں ہراساں کرنے پر پی ٹی آئی کارکنان کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج

واضح رہے کہ ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور نے توشہ خانہ فوجداری کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو تین سال قید اور 1 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی، جس پر پی ٹی آئی کی جانب سے فیصلے کو اسلام آباد ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چیئرمین پی ٹی آئی کو سزا سنانے والے جج ہمایوں دلاور کو برطانیہ میں مشکلات کا سامنا

چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر گزشتہ روز سپریم کورٹ نے سماعت کی اور چیف جسٹس نے کہا تھا کہ عدالت اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کا انتظار کرے گی اور پھر کوئی فیصلہ دے گی جبکہ آج ہونے والی سماعت میں چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے سماعت کے دوران دلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ توشہ خانہ کیس میں جو کچھ ٹرائل کورٹ نے کیا وہ ہم نہیں کریں گے۔
Load Next Story