ہمایوں دلاور کو او ایس ڈی بنانے کی اصل وجہ سامنے آ گئی
ایڈیشنل سیشن جج نے اسلام آباد ہائیکورٹ لکھے گئے مراسلے میں سیکیورٹی خدشات کے باعث ٹرانسفر کی درخواست کی تھی
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو توشہ خانہ ریفرنس میں سزا سنانے والے ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور کو جج کے عہدے سے ہٹا کر او ایس ڈی بنانے کی اصل وجہ سامنے آگئی۔
او ایس ڈی بنائے گئے جج ہمایوں دلاور نے رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ کو مراسلہ لکھا جس کے متن مطابق انہیں سنجیدہ سیکیورٹی خطرات ہیں اور انہوں نے اپنی پوسٹنگ کسی دوسری جگہ کرنے کی درخواست کی۔
واضح رہے کہ ہمایوں دلاور نے برطانیہ میں ٹریننگ سے واپسی پر چیف جسٹس ہائی کورٹ کو مراسلہ لکھا جس میں خود کو درپیش سیکیورٹی خدشات سے متعلق آگاہ کیا۔ جج ہمایوں دلاور 16 اگست کو پاکستان واپس پہنچے اور 17 اگست کو انہوں نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کو مراسلہ لکھا تھا اور مراسلے میں چیئرمین پی ٹی آئی کے فیصلے کا حوالہ بھی دیا۔
انہوں نے مراسلے میں خدشہ ظاہر کیا کہ مظاہرین کی جانب سے ان کی کورٹ میں بھی کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آ سکتا ہے جبکہ برطانیہ میں دوران ٹریننگ بھی احتجاج اور تھریٹس کا سامنا رہا۔
مزیدپڑھیں: چیئرمین پی ٹی آئی کو سزا سنانے والے جج ہمایوں دلاور کو او ایس ڈی بنادیا گیا
جج ہمایوں دلاور نے اپنے خط میں لکھا کہ سیاسی جماعت کے سربراہ کے خلاف کیس میں فیصلہ سنانے کے بعد سے میرے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چل رہی ہے، دنیا بھر سے مختلف لوگوں سے مجھے سنجیدہ خطرات لاحق ہیں۔
انہوں نے مراسلے میں کہا کہ گاوٴں میں میری فیملی کو بھی سرحد پار سے خطرات ہیں، میرے بچوں کو بھی اسکولوں میں مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
مراسلے میں کہا گیا کہ یونیورسٹی آف ہل برطانیہ میں کورس کے دوران بھی مجھے اور دیگر جوڈیشل افسروں کو ناخوشگوار صورتحال کا سامنا کرنا پڑا، اس صورتحال میں کسی دوسری جگہ تعینات کیا جائے۔ انہوں نے مراسلے میں درخواست کی کہ جوڈیشل کمپلیکس جی الیون یا اسلام آباد ہائیکورٹ میں تعینات کیا جاسکتا ہے۔