ریموٹ کنٹرول جیٹ کار نے عالمی ریکارڈ بنالیا اور پھٹ پڑی

برطانوی نوجوان کی کار نے پہلی مرتبہ ریکارڈ توڑدیا لیکن تیسرے چکر میں وہ اچانک پھٹ پڑی

برطانوی موجد جیمزوومسلے نے تیزرفتار جیٹ کار کا ریکارڈ تو بنالیا لیکن ان کی کار پھٹ کر تباہ ہوگئی۔ فوٹو: گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ

برطانیہ میں ریموٹ کنٹرول ماڈل کاروں کے مقابلے میں ایک اہم واقعہ اس وقت پیش آیا جب جیٹ قوت سے چلنے والی ریموٹ کنٹرول کار نے پہلی کوشش میں تیزرفتاری کا ریکارڈ تو بنالیا لیکن تیسری کوشش میں کار پھٹ گئی، اس سے دھواں نکلنے لگا اور وہ ناکارہ ہوگئی۔

یہ کار جیمز وومسلے کی تھی جنہوں نے جیٹ کیٹ 220 انجن اپنی ریڈیو کنٹرولڈ (آرسی) کار میں لگایا تھا۔ ان کی دلی خواہش تھی کہ وہ گاڑی کی تیزرفتاری کا نیا ریکارڈ بنائیں۔ اپنی کار انہوں نے لیبنڈر ایئرپورٹ کے رن پر دوڑائی جہاں پہلی ہی کوشش میں ان کی جیٹ کار 94.76 میل یا 152 کلومیٹر فی گھنٹہ کی اسپیڈ حاصل کرلی۔

اس طرح انہوں نے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ توڑ ڈالا جو ماضی میں 93.2 میل فی گھنٹہ کی رفتار تک قائم ہوا تھا۔ لیکن اس کامیابی کے بعد بھی وہ مطمئین نہ ہوئے اور کار کو دوسرے چکر کےلیے تیار کیا۔




دوسری کوشش میں ان کی کار 137 میل فی گھنٹہ تک پہنچی لیکن اسے کوئی اعزاز نہ ملا کیونکہ راستے میں ہی گاڑی کی چونچ نما ناک گرگئی تھی۔



تیسری کوشش اس سے بھی بہتر رہی اور گاڑی 141 میل فی گھنٹے کی رفتار پر پہنچی لیکن تیز ہوا کی وجہ سے الٹ گئ اور پھٹ پڑی۔ اس پر جیمز کو بہت افسوس ہوا اور اسے سب سے ہولناک حادثہ قرار دیا ہے۔

تاہم پہلی کاوش پر انہیں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کا اہل ضرور قرار دیا گیا ہے۔
Load Next Story