بھارت نے چاند پر ہماری حکومت نے عوام کی گردن پر پاؤں رکھا ہے سراج الحق

حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ کرکے قوم کو خودکشی پر مجبور کر دیا، امیر جماعت اسلامی پاکستان


ویب ڈیسک August 26, 2023
حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ کرکے قوم کو خودکشی پر مجبور کر دیا، امیر جماعت اسلامی پاکستان

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ بھارت نے چاند پر، ہماری حکومت نے عوام کی گردن پر پاؤں رکھا ہے۔

بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے رہنما علامہ دلاور حسین شہیدی کے حوالے سے منصورہ لاہور میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ علامہ دلاور سعیدی اور البدر و الشمس کے کارکنان نےمشرقی پاکستان کی سرزمین پر قربانیاں دیں تو ایک ہی مقصد کلمہ تھا۔

انہوں نے بتایا کہ چٹا گانگ میں جماعت اسلامی کے رہنماؤں کو تندور میں کھڑا کرکے آگ میں ڈالنے سے پہلے بنگلہ دیشی حکومت نے کہاکہ پاکستان مردہ باد کا نعرہ لگائو لیکن انہوں نے کلمہ طیبہ کا نعرہ لگایا، علامہ دلاور حسین نے بنگلہ دیشی حکومت کو ہر بار کہاکہ پاکستان کا مطلب لَآ اِلٰہَ اِلَّا اللہُ ہے، پاکستان کا مقصد ایک ہی ہے جہاں انسان کے بجائے اللہ کی حاکمیت ہو۔

سراج الحق نے کہا کہ آج پاکستان میں خود پاکستانیوں کےلئے عزت کے ساتھ جینا و سانس لینا ناممکن بنایا گیا ہے، 45 سال حکمرانوں اور اسٹیبلشمنٹ کے گملوں میں پلنے والی پارٹیوں نے حکومت کی، وقت آ گیا عوام فیصلہ کرے پاکستان کو اگر قیامت کی صبح تک محفوظ رکھنا ہے تو ایک راستہ ملک کو آئین ، قرآن و حدیث کے مطابق چلانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی، پی ڈی ایم آئی اور چلی گئیں، نگران حکومت بھی آئی لیکن ان تینوں نے وہی کیا جو ورلڈ بینک نے کہا، آئی ایم ایف کی زنجیروں کو قوم کے ہاتھوں میں ڈالا ، روز حکومت بجلی و پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کرتی ہے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ 14 اگست کو نئے وزیر اعظم نے اقتدار سنبھالا تو پیٹرول کی قیمت میں بیس روپے اضافہ کر دیا، تین بار بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کرکے فی یونٹ56روپے تک پہنچ گیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت 16 اقسام کے ٹیکسز شامل کرکے بجلی کے بلز کا گرینڈ بم عوام پر برسا رہی پے، اس فیصلے کو تسلیم نہیں کرتے، نگران حکومت الیکشن کمیشن کے ذریعے نوے روز میں الیکشن کروائے، ایک روز کی تاخیر بھی جماعت اسلامی کے لئے ناقابل قبول ہے، بروقت انتخابات کےلئے سپریم کورٹ جائیں گے۔

سراج الحق نے کہا کہ حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ کرکے قوم کو خودکشی پر مجبور کر دیا ہے جماعت اسلامی گلی گلی کوچے کوچے مظاہرے کرے گی، اندھیر نگری چوپٹ راج حکومت کو تسلیم نہیں کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے چاند پر قدم رکھا تو حکومت نے عوام کی گردن پر پاؤں رکھا ہے ، چھری آئی ایم ایف کی اور ہاتھ حمکمرانوں کے ہیں ، چھری سمیت ظالم حکمرانوں کے ہاتھ کو توڑیں گے، ظلم کے خلاف سراپا احتجاج بن جائیں گے، سیاست سے بالاتر ہوکر ہر پاکستانی آواز بلند کرے، غریب نے نہیں حکمرانوں نے ملک کو لوٹا اور آئی ایم ایف سے قرضہ لیا ہے ، ان کی جائیدادیں فروخت کرکے قرضہ اتارنا ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں