پاکستانی نوجوانوں کے بیرون ملک جانے کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے وزیراعظم
امریکا، یورپ جانے والا نوجوان اپنے خاندان اور ملکی معیشت میں حصہ ڈالتا ہے، انوار الحق کاکڑ کی امریکی طلبہ سے گفتگو
August 26, 2023
نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ اچھے مواقعوں کی تلاش میں بیرون ملک جانا کوئی بری بات نہیں ہے۔
ہارورڈ یونیورسٹی امریکا کے طالب علموں سے ملاقات میں نگراں وزیراعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوئی نوجوان اگر اچھے مستقبل کیلیے امریکا، یورپ یا کسی اور ملک جاتا ہے تو یہ مثبت چیز ہے جس کی ہمیں حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے بیرون ملک جانے کو برا نہیں سمجھتا مگر میرے بیان کو گزشتہ دو روز سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے، باہر جانے والا نوجوان خاندان کی روزی روٹی کا سبب بنتا ہے اور ترسیلات زر کے ذریعے ملک کی معیشت میں بھی اپنا حصہ ڈالتا ہے۔
مزید پڑھیں: لازمی نہیں کہ امریکا کے ساتھ ہر معاملے میں اتفاق کیا جائے، نگراں وزیراعظم
نگراں وزیراعظم نے کہا کہ بیرون ملک جو پاکستانی جا رہے ہیں یا جا چکے ہیں وہ پاکستان کا اثاثہ ہیں۔ اوورسیز پاکستانی جہاں جہاں موجود ہیں وہ پاکستان کی مثبت پہچان ہیں۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ہمارا سب سے بڑا مسئلہ آمدن اور اخراجات کا عدم توازن ہے کیونکہ پاکستان میں مسائل بہت زیادہ جبکہ اخراجات اور سائل بہت کم ہیں۔
انہوں نے پاکستان کے تعلقات کے حوالے سے کہا کہ ضروری نہیں کہ امریکا کے ساتھ ہر معاملے میں اتفاق کیا جائے، ملکوں کے درمیان کئی امور پر اتفاق اور کئی امور پر اختلاف رہتا ہے، ہمارا امریکا کے ساتھ مثبت اور تعمیری تعلق ہے اور ہم امریکا کے ساتھ طویل المدتی شراکت داری چاہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: 6 ماہ میں ساڑھے 4 لاکھ پاکستانی ملک چھوڑ گئے
انوار الحق کاکڑ نے مزید کہا کہ ہمارا موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات کا مقابلہ کرنے کے لیے امریکا کے ساتھ قریبی تعاون ہے، امریکی معاشرہ ایک متنوع حیثیت کا مالک ہے اور امریکا نے گزشتہ دو صدیوں میں زبردست ترقی کی بقیہ ممالک کے لیے امریکا کی ترقی میں سیکھنے کے مواقع موجود ہیں۔