سفارت خانے کی آڑ میں شراب اسمگل کرنے کی کوشش ناکام
گڈز ڈیکلریشن میں سفارتخانے کے نام پر درآمدہ کنٹینر میں گھریلو سامان ظاہر کیا گیا تھا، کسٹمز حکام
August 26, 2023
پاکستان کسٹمز پورٹ قاسم اپریزمنٹ کلکٹریٹ نے سفارت خانے کی آڑ میں شراب اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔
تفصیلات کے مطابق کلکٹریٹ حکام نے مشکوک کنٹینر کو روک کر تصدیق کے لیے متعلقہ سفارت خانے کو باقاعدہ ارسال کیا جس پر متعلقہ سفارت خانے نے مذکورہ درآمدی سامان سے لاتعلقی کا اظہار کیا۔
حکام نے بتایا کہ اس سے قبل حکام نے مشکوک کنٹینر کی جانچ پڑتال کی تو گڈز ڈیکلریشن میں ظاہر کردہ گھریلو سامان کے برعکس مختلف برانڈز کی غیرملکی شراب برآمد ہوئی۔
کسٹمز حکام کے مطابق کنٹینر سے برآمد ہونے والی غیر ملکی شراب کی مالیت 8کروڑ 48لاکھ 80ہزار روپے ہے۔ حکام نے مقدمہ درج کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرکے مجاز عدالت سے 6 روزہ ریمانڈ حاصل کرلیا۔