کراچی میں 100 سے زائد اسٹریٹ کرائمز میں ملوث 4 رکنی گروہ گرفتار

ملزمان نے تفتیش میں انکشاف کیا کہ گروپ جیل میں بنایا اور ڈکیتی سے قبل مکمل ریکی کرتے تھے

—فائل فوٹو

کورنگی میں پولیس کیلئے چھلاوا بننے والا گروپ پکڑا گیا، گرفتار ملزمان 100 سے زائد اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث نکلے۔

تفصیلات کے مطابق کورنگی پولیس نے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائم اور گھروں میں ڈکیتیاں کرنے والے 4 ملزمان کو گرفتار کیا ہے، ملزمان نے تفتیش میں انکشاف کیا کہ گروپ جیل میں بنایا اور ڈکیتی سے قبل مکمل ریکی کرتے تھے۔


ایس ایچ او کورنگی راجہ خالد محمود نے بتایا کہ محمد یاسین اور ایلون مسیح نے جیل میں گروپ بنایا جس میں محمد حسین، اصغر ، یاسر ، جبران سمیت دیگر لڑکوں کو بھی شامل کیا۔

پولیس کے مطابق ملزمان کورنگی صنعتی ایریا اور لانڈھی صنعتی ایریا میں دکانوں اور بینک سے رقم لے کر نکلنے والے شہریوں کی مکمل ریکی کرتے تھے، ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں 100 سے زائد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے جن میں کچھ وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کی گئی ہے ۔

ایس ایس پی کورنگی طارق نواز کا کہنا ہے کہ کورنگی کے صنعتی علاقوں میں اسٹریٹ کرائم کی بڑھتی وارداتوں میں اسٹریٹ کرائم میں ملوث ان ملزمان کا اہم کردار ہے، یہ ملزمان اب تک اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں چار شہریوں کو زخمی کر نے کا اعتراف کرچکے ہیں۔
Load Next Story