اے این ایف کی کارروائیاں 266 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد 5 ملزمان گرفتار

گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، ترجمان


Staff Reporter August 27, 2023
فوٹو: ایکسپریس

اینٹی نارکوٹکس فورس نے منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران مختلف کارروائیوں میں 266 کلوگرام سے زائد منشیات اور 20250 لیٹر ممنوعہ کیمیکل برآمد کرکے 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق کراچی میں واقع کوریئر آفس میں 2 پارسلز سے مجموعی طور پر 1 کلو 320 گرام آئس برآمد کرلی گئی، مذکورہ پارسل ہانگ کانگ اور بحرین کے لیے بُک کیے گئے تھے۔

شاہراہِ فیصل پر واقع کوریئر آفس میں بحرین بھیجے جانے والے پارسل سے 270 گرام جبکہ ہانگ کانگ کے لیے بک پارسل سے 50 گرام آئس برآمد ہوئی۔

ترجمان کے مطابق ایک کارروائی کے دوران حب کے قریب گاڑی کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 122 کلو چرس قبضے میں لے کر دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، گرفتار ملزمان منشیات کوئٹہ سے کراچی اسمگل کرنے کی کوشش کررہے تھے۔

ایک اور کارروائی میں چمن سے 15000لیٹر ہائیڈرو کلورک ایسڈ اور 5250 لٹر گندھک کا تیزاب تحویل میں لیا گیا، مذکورہ کیمیکل کلی عبد الرحمن میں اسمگلنگ کی غرض سے چھپایا گیا تھا۔

اسی طرح پشاور ایئرپورٹ پر کارروائی میں ملزم کے پیٹ سے 50 ہیروئن بھرے کیپسولز برآمد کرلیے گئے،پشاور کا رہائشی مُلزم پرواز نمبر GF-787 کے ذریعے بحرین کے لیے روانہ ہو رہا تھا۔

اسلام آباد ایئرپورٹ کے قریب نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں گاڑی سے 30 کلو افیون اور 100 کلو 800 گرام چرس برآمد کی گئی، گاڑی سے 1 عدد نائن ایم ایم اور 30 بور پستول بمعہ ایمونیشن بھی برآمد ہوا،کارروائی کے دوران صوابی کا رہائشی مُلزم موقع پر گرفتار ہوگیا۔

کُری روڈ اسلام آباد پر کراچی کے رہائشی ملزم سے 100 نشہ آور گولیاں برآمد ہوئیں جبکہ خیبر کے علاقے زخا خیل سے اسمگلنگ کے لیے چھپائی گئی 12 کلو چرس برآمد کی گئی۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔