نسیم شاہ صلاحیتوں سے انصاف نہیں کرسکے وہاب ریاض

میچز جتوانا چاہئیں،ورلڈکپ میں شاہین کے اوورز اہمیت کے حامل ہوں گے، سابق پیسر


Saleem Khaliq August 28, 2023
بابر کو قیادت کرتے 3سال ہوگئے، کارکردگی مزید بہتر کرسکتے ہیں، سابق پیسر۔ فوٹو: ایکسپریس ویب

سابق ٹیسٹ پیسروہاب ریاض نے کہا ہے کہ نسیم شاہ ابھی تک اپنی صلاحیتوں سے انصاف نہیں کرسکے، انھیں میچز جتوانا چاہئیں۔

پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pk کو خصوصی انٹرویو میں وہاب ریاض نے کہا کہ پاکستان کی بولنگ لائن مستحکم ہے،شاہین شاہ آفریدی نئی گیند کے ماہر اور بعد میں حارث رؤف گیند سنبھالتے ہیں،وہ اختتامی اوورز میں عمدہ بولنگ کے ماہر ہیں، دیگر بولرز بھی اچھے ہیں،نسیم شاہ نے کافی میچز میں اچھی بولنگ کی مگر مجھے لگتا ہے کہ کہیں نہ کہیں وہ ابھی اپنی صلاحیتوں سے انصاف نہیں کرسکے، انھیں پاکستان کو میچز جتوانا چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ بولرز کو میچ ونرز کا کردار ادا کرنا ہوگا،اسی طرح شاہین شاہ آفریدی وکٹیں لینے والے بولر ہیں،انھیں چاہیے کہ اسی انداز میں بولنگ جاری رکھیں،ورلڈکپ میں شاہین کے 10اوورز بہت اہمیت کے حامل ہوں گے،اننگز کے 25سے 35ویں اوور کے درمیان بھی ٹیم کو ان سے وکٹوں کی ضرورت ہوگی، اختتامی اوورز میں پاکستانی پیسرز یارکرز کا اچھا استعمال کرتے ہیں،امید ہے کہ وہ اپنی مہارت میں مزید بہتری لائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: نسیم شاہ نے ایک بار پھر فضل الحق فاروقی کو ایشیاکپ 2022 کی یاد دلادی

سابق پیسر نے کہا کہ میں گرین شرٹس کو ایشیا کپ کا چیمپئن دیکھنا چاہتا ہوں،بیٹنگ میں ٹیم فخرزمان، امام الحق اور بابر اعظم پر زیادہ انحصار کرتی ہے، تینوں کا پاکستان کو ورلڈکپ جتوانے میں بھی اہم کردار ہوسکتا ہے،البتہ مڈل آرڈر میں مسائل موجود ہیں،ٹیم مضبوط ہے، بھارتی کنڈیشنز میں بھی گرین شرٹس نے دباؤ برداشت کیا تو جیت سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: نسیم شاہ نے والدہ کو یاد کرتے ہوئے انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کردی

وہاب ریاض نے کہا کہ بابر اعظم کی کپتانی میں بہتری آرہی ہے،ان کو اپنے فیصلے مزید بہتر کرنا ہوں گے،انھیں 3سال ہوگئے ہیں،شائقین کو بابر سے بڑی توقعات ہیں،بیٹنگ میں تو ان کی پرفارمنسز ہیں مگر وہ کپتانی کو مزید بہتر کرسکتے ہیں۔

پیسر نے کہا کہ میرے کیریئر میں سب کپتان بہت اچھے اور تمام کی اپنی خصوصیات تھیں،مصباح الحق بڑی سمجھ بوجھ سے فیصلے کرتے،وہ کھیل کا بڑا علم بھی رکھتے تھے،سرفراز احمد ذہنی طور پر بہت مستعد تھے،شاہد آفریدی بڑے دلیرانہ مزاج کے تھے،شعیب ملک ٹھنڈے مزاج سے کھیل میں بڑا انہماک رکھتے تھے، ہر کسی کی اپنی خوبیاں تھیں مگر سرفراز کے ساتھ کھیلنے کا زیادہ لطف اس لیے بھی آیا کہ ان کے ساتھ تعلق میں دوستی کا انداز تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں