ایشوریہ رائے کے پرانے عاشق نے اپنی محبوبہ کے خلاف عدالت میں کیس دائر کردیا

ایشوریہ رائے سے محبت کرتا ہوں اور ایک وقت وہ تھا جب اس کی ایشوریہ سےبہت قریبی دوستی تھی،عاشق نامرادکا درخواست میں مؤقف


ویب ڈیسک May 10, 2014
ایشوریہ رائے بچن شادی سے قبل سلمان خان سمیت بالی ووڈ کے کئی اداکاروں سے افیئرز کے حوالے سے خاصی مشہور رہیں۔ فوٹو: فائل

بالی ووڈ اداکارہ اور ابھیشک بچن کی اہلیہ ایشوریہ رائے بچن کے پرانے عاشق نے اداکارہ کی شادی کے 7 سال بعد ان پر کیس کردیا ہے۔

سری لنکا سے تعلق رکھنے والے نروشن دیواپریا نے اداکارہ کی شادی کے پورے 7 سال بعد اپنے وکیل کے ذریعے ممبئی کی عدالت میں کیس دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ وہ ایشوریہ رائے سے محبت کرتا ہے اور ایک وقت وہ تھا جب اس کی ایشوریہ سے بہت قریبی دوستی تھی اور وہ اس سے شادی کرنا چاہتا تھا لیکن ایشوریہ نے ابھیشک بچن سے شادی کرلی جس سے انہیں سخت ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔

اب عدالت ایشوریہ کے اس پرانے عاشق کی محبت کو امر کرتی ہے یا پھر اکبر اعظم کی طرح دیوار میں چنوا دیتی ہے ہم تو صرف اس عاشق نامراد کو اتنا مشورہ دیں گے کہ جہاں آپ نے 7 سال تک مجنوں بن کر گزار دیئے وہاں اور سہی، کسی کی ہنستی بستی زندگی خراب کرنے کا کیا فائدہ۔

واضح رہے کہ ایشوریہ رائے بچن شادی سے قبل سلمان خان اور ویوک اوبرائے سمیت بالی ووڈ کے کئی اداکاروں سے افیئرز کے حوالے سے خاصی مشہور رہیں لیکن 2007 میں اپنے تمام چاہنے والوں کے دل توڑ کر انہوں نے ابھیشک بچن سے شادی کرلی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں