سانحہ بلدیہ ٹاؤن کیس کے ملزمان کی سزا کیخلاف اپیلوں پر روزانہ سماعت کرنے کا حکم

عدالت نے رؤف صدیقی سمیت 4 ملزمان کو عدم شواہد کی بناء پر بری کردیا تھا


کورٹ رپورٹر August 28, 2023
(فوٹو: فائل)

سندھ ہائیکورٹ نے سانحہ بلدیہ ٹاؤن فیکٹری کے مقدمے میں سزا کیخلاف ملزمان کی اپیلوں پر سماعت یومیہ بنیادوں پر کرنے کی ہدایت کردی۔

جسٹس کے کے آغا کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو سانحہِ بلدیہ ٹاؤن فیکٹری کے ملزمان کی سزا کے خلاف گلوبل فاؤنڈیشن کی جانب سے دائر کی گئی اپیلوں pr سماعت ہوئی۔

سابق صوبائی وزیر عبدالرؤف صدیقی سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ استغاثہ نے 400 سے زائد گواہوں میں سے بنیادی 49 گواہوں کی فہرست عدالت میں پیش کردی۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ بلدیہ فیکٹری کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کی جائے گی۔ جس پر وکلا نے بھی اتفاق کیا۔

وکیل صفائی سرمد خان ایڈووکیٹ نے گواہوں کے بیانات اور جرح پڑھنا شروع کی اور بتایا کہ ایف آئی آر درج کرنے والے سب انسپکٹر رب نواز، فیکٹری ملازمین سمیت 6 عینی گواہوں کے بیانات مکمل کرلئے گئے۔

گواہوں میں فیکٹری ملازمین محمد وسیم، کاشف، عبد الرئیس، سلیم خان اور طاہر علی شامل ہیں۔ سب انسپکٹر رب نواز کے بیان کے مطابق فیکٹری میں آگ لگنے کے وقت علاقہ گشت پر تھا۔ آگ لگنے کے بعد تھانے پہنچ کر حالات معلوم کیے، آگ بجھانے کے اقدامات کیلیے اعلی حکام سے رابطے کیے۔

گواہوں کے بیانات کے مطابق سانحہ کے روز زبیر چریا فیکٹری کے باہر موجود تھا، فیکٹری میں آگ کا مقابلہ کرنے کے لیے ضروری انتظامات نہیں تھے۔

ایس بی سی اے، سائٹ، فائر بریگیڈ ، انوائرمنٹل ایجنسی سمیت مانیٹرنگ اداروں نے کبھی توجہ نہیں دی۔ فائر بریگیڈ تاخیر سے پہنچی، جس سے نقصان میں اضافہ ہوا۔

انسداد دہشتگردی عدالت نے ملزمان دو ملزمان رحمان بھولا اور زبیر چریا کو سزائے موت سنائی تھی۔ دیگر چار ملزمان کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔ عدالت نے رؤف صدیقی سمیت 4 ملزمان کو عدم شواہد کی بناء پر بری کردیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں