برطانیہ نومولود کو زہریلا انجیکشن دیکر قتل کرنے والی ایک اور نرس گرفتار

برمنگھم چلڈرن اسپتال کے آئی سی یو میں 3 نوزائیدہ بچوں کی مشکوک حالت میں موت واقع ہوئی تھی


ویب ڈیسک August 28, 2023
برطانیہ میں لوسی نامی نرس کو 7 نومولود بچوں کو قتل کرنے پر عمر قید سزا سنائی گئی تھی، فوٹو: فائل

برطانیہ میں نوزائیدہ بچوں کو انتہائی نہگہداشت کے وارڈ میں زہریلا انجیکشن دیکر قتل کرنے والی نرس لوسی لیٹبی کو عمر قید کی سزا سنائے جانے کے بعد ایک اور نرس کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق اس نرس سے گزشتہ برس مئی میں برمنگھم چلڈرن اسپتال میں ہونے والی تین نوزائیدہ بچوں کی پُراسرار اموات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں جن کی موت کی بظاہر کوئی طبی وجہ سامنے نہیں آئی تھی۔

28 سالہ نرس جس کی شناخت اس مرحلے میں ظاہر نہیں کی گئی ہے، کے خلاف این ایچ ایس کی تحقیقات کے آغاز پر برمنگھم میں ان بچوں کے اہل خانہ کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔

یہ خبر پڑھیں : برطانیہ؛ 7 نوزائیدہ بچوں کو قتل کرنیوالی سیریل کلر نرس کو عمر قید

دی ٹیلی گراف کے مطابق مذکورہ نرس کو برمنگھم اسپتال میں اپنی ملازمت کے دنوں میں کم از کم تین نوزائیدہ بچوں کی زندگی کو خطرے میں ڈالنے کے ارادے سے زہریلی دوا پلانے یا انجیکشن دینے کے شبے میں گرفتار کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ مذکورہ نرس کے خلاف تحقیقات کا آغاز گزشتہ برس ہی کر دیا گیا تھا جب بچوں کے آئی سی یو میں ایک نوزائیدہ کی اچانک اور غیر متوقع طور پر طبیعت بگڑگئی اور پھر سنبھل نہ سکی۔

بچے کی چند دنوں بعد موت واقع ہوگئی تھی جس پر اسپتال انتظامیہ نے انکوائری بھی کی تھی اور ایک نرس کو معطل کردیا تھا جسے اب پولیس نے گھر سے گرفتار کرلیا۔

یاد رہے کہ ایک ہفتے قبل ہی برطانیہ میں نومولود 7 بچوں کو زہریلا انجیکشن دیکر قتل کرنے والی نرس لوسی لیٹبی کو عمر قید سنائی گئی ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں